نوازشریف کا سانحہ ساہیوال پر سخت ردِ عمل آ گیا

سابق وزیراعظم نواز شریف نے ساہیوال واقعہ پر انتہائی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو انصاف کی فراہمی تک متاثرین کا ساتھ دینے کی ہدایت کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 22 جنوری 2019 15:05

نوازشریف کا سانحہ ساہیوال پر سخت ردِ عمل آ گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جنوری 2019ء) :سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ساہیوال متاثرین کو انصاف نہ ملنے تک ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے ساہیوال واقعہ پر انتہائی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو انصاف کی فراہمی تک متاثرین کا ساتھ دینے کی ہدایت کر دی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ عمران نذیر نے پنجاب انسٹی ٹویٹ آف کارڈیالوجی میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف بہت باہمت شخص ہیں۔ان کے کچھ ٹیسٹ ہوئے ہیں جن کی رپورٹس زیادہ اچھی نہیں آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے کارکنان کو سلام بھجوایا ہے اور ان سے دعا کی درخواست کی ہے۔خواجہ عمران نذیز نے مزید کہا کہ نواز شریف سانحہ ساہیوال پر بہت رنجیدہ ہیں۔

(جاری ہے)

وہ جیل میں ہونے کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کے لیے نہیں جا سکتے۔لیکن انہوں نے پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کو انصاف ملنے تک ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔واضح رہے ساہیوال میں دو روز قبل سی ٹی ڈی کی مبینہ کارروائی میں چار افراد ہلاک ہوئے جن کی شناخت خلیل، نبیلہ، اریبہ اور ذیشان کے نام سے ہوئی تھی۔ فائرنگ کے دوران ایک بچہ گولی لگنے اور ایک بچی شیشہ لگنے سے زخمی بھی ہوئی۔

ہلاک ہونے والے خلیل اور نبیلہ بچ جانے والے تین بچوں کے والدین تھے جبکہ اریبہ ان بچوں کی بڑی بہن تھی جو ساتویں جماعت کی طالبہ تھی۔ سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے چارافراد کی ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مرنے والوں کوایک فٹ سے دس فٹ کے فاصلے سے گولیاں ماری گئی، خلیل کو 5گولیاں لگیں،3سینے اور بازو پر جبکہ 2گولیاں سر پر لگیں، نبیلہ کو ایک گولی کنپٹی پر جبکہ 2گولیاں پیٹ پے لگیں،13سالہ اریبہ کو 6فائر لگے جن میں 6گولیاں سینے میں اور 3گولیاں پیٹ میں لگیں. کار چلانے والے ذیشان کو بھی 6گولیاں لگیں۔ ایک گولی دائیں جانب سے گردن میں لگی باقی 5 گولیاں سینے میں لگیں، جس سے اس کی موت واقع ہوئی. مجموعی طور پر 24 گولیاں برسائیں گئیں.