اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی عالمی امن کو حقیقت بنانے کیلئے سیاسی عزم انتہائی اہم ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، تنازعات سے متاثرہ دنیا کے مختلف علاقوں میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنانڈا ایسپینوسا کا انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز میں خطاب

منگل 22 جنوری 2019 16:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنانڈا ایسپینوسا نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی عالمی امن کو حقیقت بنانے کے لئے سیاسی عزم انتہائی اہم ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، تنازعات سے متاثرہ دنیا کے مختلف علاقوں میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

وہ یہاں انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز میں پبلک ٹاک سے خطاب کررہی تھی۔ تقریب سے انسٹیٹوٹ کے ڈائریکٹر جنرل اعزاز چوہدری نے بھی خطاب کیا جبکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب مدیحہ لودھی، سابق سفیروں، دانشوروں اور خارجہ پالیسی کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ چند عالمی طاقتوں کی تنظیم نہیں ہے، بعض اوقات تمام بوجھ اقوام متحدہ پر ڈال دیا جاتا ہے، درحقیقت ہمارے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے، یمن کے تنازعے میں پانچ سال سے کم عمر 80ہزار بچے بھوک کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک کے قومی مفادات بسا اوقات اقوام متحدہ کے بنیادی مفاد پر حاوی ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا ادراک کرنا چاہئے کہ اقوام متحدہ کا کردار سہولت کار اور پل کا ہے جو وہ فعال طریقے سے کررہا ہے، مشکلات کے باوجود یمن میں سیز فائر اور معاہدوں کی شکل میں مثبت پیش رفت کی ہے، تمام فریقین کی جانب سے اپنے وعہدے پورے کرنے کی ضرورت ہے۔

کشمیر کے مسئلے پر اپنے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر تنازع کا پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے پرامن مذاکرات اہمیت کے حامل ہیں۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ اقوام متحدہ 70سالوں سے کشمیریوں سے کئے گئے وعدے کو پورا کرنے میں غیر موثر کیوں ہے جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے وعدے سے متعلق نہیں بلکہ یہ عالمی برادری کے عزم سے متعلق ہے اور اس کے فریقین کی جانب سے ممکنہ کردار سے متعلق ہے۔

اقوام متحدہ کے امن مشن کے ذریعے عالمی امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنازعات سے متاثرہ دنیا کے مختلف علاقوں میں ان کا کردار قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، پاکستان سمیت مختلف ممالک کو شدید بارشوں ، سیلاب اور خشک سالی کا سامنا ہے۔