سپریم کورٹ نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی دوہری شہریت اور اقامہ کی بنیاد پر نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج کر دی

بدھ 23 جنوری 2019 23:14

سپریم کورٹ نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی دوہری شہریت اور اقامہ کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) سپریم کورٹ نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی دوہری شہریت اور اقامہ کی بنیاد پر نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج کردی ہے۔ بدھ کوجسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میںتین رکنی بینچ نے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر جسٹس عمرعطابندیال نے قرار دیا کہ ریٹرننگ آفیسر نے مراد علی شاہ کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی تھی لیکن درخواست گزار نے ریٹرننگ آ فیسر کے حکم کومجاز فورم پر چیلنج نہیں کیا بلکہ براہ راست ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرد ی جہاں اس درخواست کا مسترد ہونا ایک درست اقدام ہے کیونکہ ہائی کورٹ کو انتخابی معاملات میں اختیار سماعت حاصل نہیں۔

عدالت نے اپنے حکم میں مزیدکہا کہ درخواست گزار مدعاعلیہ کا سیاسی حریف ہے اور صرف سیاسی حریف ہونے سے کسی کی نیک نیتی ظاہر نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس منیب اختر نے کہا کہ درخواست گزارکو قانونی فورمز کا استعمال کرنا چاہیے جہاں اس معاملے میں نیت کو بھی ثابت کرنا ہوتا ہے، ایسے نہیں ہوتا کہ اچانک کسی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست دائر کردی جائے، عوامی عہدیداروں کو ہٹانے کیلئے ہرکوئی براہ راست سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ میں درخواست لے آتا ہے جودرست نہیں۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست مسترد کر دی۔