سکالرشپ پر آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرکے واپس آنے والے ایلومینائی اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے‘ ایلومینائی آسٹریلیا

اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دیں گے پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن کا 56 پاکستانی سکالرز کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب

جمعہ 25 جنوری 2019 23:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2019ء) پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے امید ظاہر کی ہے کہ سکالرشپ پر آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرکے واپس آنے والے ایلومینائی اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے اور آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دیں گے۔

وہ جمعہ کو مقامی ہوٹل میں آسٹریلین ہائی کمیشن کی جانب سے آسٹریلوی سکالرشپ پر تعلیم مکمل کرکے آنے والے 56 پاکستانی سکالرز کے اعزاز میں منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے آسٹریلیا کو اپنی پہلی ترجیح قرار دے رہے ہیں، آسٹریلیا مقامی اور غیر ملکی طلباء کو بہترین تحقیق اور تعلیم کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکالرشپس آسٹریلیا کی ترقیاتی امداد کا طویل مدتی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹرز لیول اور شارٹ ٹرم پروفیشنل ڈویلپمنٹ کورسز آفر کئے جا رہے ہیں جو کہ پیشہ وارانہ مہارتوں اور علم میں اضافہ کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا سے واپس آنے والے سکالرز دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا دنیا بھر کے طلباء کو تعلیمی سکالر شپس آفر کرتا ہے اور یہ مختلف ممالک کے طلباء کے درمیان روابط کا ایک بہترین ذریعہ ہے جس سے وہ دنیا کے مختلف ممالک کے رہن سہن اور لوگوں کے بارے میں جانتے ہیں۔ اس موقع پر ایلومینائی ایگزیکٹو کمیٹی کے نائب صدر تحسین زیب نے آسٹریلیا میں تعلیم کے دوران اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آسٹریلیا کو بہترین پایا۔

اس موقع پر آسٹریلین ہائی کمشنر ایڈمسن نے 35 نئی آسٹریلین سکالرشپس لینے والوں کو مبارکباد دی جس میں سے نصف خواتین ہیں۔ یہ سکالرشپ ماسٹر لیول پروگراموں کی ہیں جو آسٹریلیا کی مختلف یونیورسٹیوں میں دی جا رہی ہیں۔ آسٹریلیا کیلئے آئندہ سکالرشپس 2020ء کیلئے درخواستیں یکم فروری 2019ء سے وصول کی جائیں گی۔ ان سکالرشپس کیلئے خواتین، نجی شعبہ میں کام کرنے والے افراد اور بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں کے رہنے والے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔