کیا ٹک ٹاک ایپ پاکستان میں بند ہو رہی ہے؟

ٹک ٹاک بند ہونے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر ٹک ٹاک انتظامیہ کا رد عمل بھی آ گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 فروری 2019 14:52

کیا ٹک ٹاک ایپ پاکستان میں بند ہو رہی ہے؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 فروری 2019ء) : ڈب سمیش کے بعد ٹک ٹاک ایپلی کیشن نے سب کو اپنا دیوانہ بنا لیا ہے۔ آج کل کی نوجوان نسل میں تو کیا ہر عمر کے اسمارٹ فون صارف کے موبائل میں ٹک ٹاک ایپلی کیشن موجود ہے جس پر سب ڈبنگ کر کے اپنی ویڈیوز بناتے اور اپ لوڈ کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جگہ جگہ ٹک ٹاک ایپلی کیشن پر بنی ویڈیوز نظر آتی ہیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ٹک ٹاک ایپلی کیشن کو پاکستان میں بند کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے کئی قیاس آرائیاں بھی کی گئیں تاہم اب ٹک ٹاک انتظامیہ خود ہی میدان میں آگئی ہے اور ایسی تمام خبروں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ ٹک ٹاک ایپلی کیشن بنانے والی کمپنی کی انتظامیہ نے کہا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک ایپ کی بندش کے حوالے سے گردش کرنے والی تمام خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

ٹک ٹاک پاکستان میں عام استعمال ہو رہی ہے۔ ہمیں پاکستان میں ٹک ٹاک کی بندش کے حوالے سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ انتظامیہ کے مطابق ٹک ٹاک کے نمائندوں نے پاکستان میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے بھی رابطہ کیا جنہوں نے اس حوالے سے کوئی خبر موصول ہونے کی تردید کر دی۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اس طرح کی خبروں کو پھیلنے سےروکنے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے لیکن اگر ان جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کو نہ روکا گیا تو عین ممکن ہے کہ ہم اس طرح کی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

ٹک ٹاک ایپلی کیشن بنانے والی کمپنی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے بعد ٹک ٹاک ایپلی کیشن کے صارفین میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واضح رہے کہ ٹک ٹاک ایپلی کیشن پاکستان میں مقبول ترین ایپلی کیشنز میں سے ایک ہے۔