شاہین ایئر کے ملازمین کا بحالی کیلئے وزیراعظم عمران خان کوخط ، ہنگامی بنیادوں پر مدد کی اپیل

ہفتہ 2 فروری 2019 19:58

شاہین ایئر کے ملازمین کا بحالی کیلئے وزیراعظم عمران خان کوخط ، ہنگامی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2019ء) شاہین ایئر کے ملازمین نے بحالی کیلئے وزیراعظم کوخط لکھ دیا اور وفاقی وزیر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا شاہین ایئر کی بحالی سے ہوا بازی کی صنعت کو فروغ ملے گا۔تفصیلات کے مطابق نجی ایئرلائن شاہین ایئر کے ملازمین میدان میں آگئے اور ایئر لائن کی بحالی کیلئے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا، خط میں وزیر اعظم سے ہنگامی بنیادوں پر مدد کی اپیل کی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ شاہین ایئر لائن پاکستان کی دوسری بڑی ایئرلائن تھی، ایئرلائن کی بحالی سے قومی ہوا بازی کی صنعت کو فروغ حاصل ہوگا اور ایئرلائن کے چلنے سے ریونیو کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہوسکے گا۔ملازمین کی جانب خط میں مطالبہ کیا گیا کہ شاہین ایئر کی بحالی کیلئے وفاقی وزیر برائے ہوابازی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے، کمیٹی میں ایف آئی اے ، ایف بی آر،ایوی ایشن ڈویڑن،ایس ای سی سی پی اور ملازمین کا نمائندہ وفد شامل ہو۔

(جاری ہے)

شاہین ایئرلائن نے کامیابی کے ساتھ 25سال تک اپنا آپریشن برقرار رکھا، جولائی 2018 تک 10طیاروں کے ساتھ کامیابی سے اپنا بزنس جاری رکھے ہوئے تھی کہ بھاری قرض کے باعث ایئرلائن کے مالکان ملک اور ایئرلائن کو خیرباد کہہ گئے تھے، ایئرلائن میں 5ہزار سے زائد ملازمین بے روزگار ہوگئے جنھیں تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں۔ملازمین نے وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ بے روزگاری کے باعث 5 ہزار ملازمین کے خاندان کسمہ پرسی کا شکار ہیں ،8 ماہ گزرجانے کے باوجود تنخواہوں سے محروم ہیں۔