کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا محمد مقبول بٹ اورمحمد افضل گوروکو خراج عقیدت

حریت رہنمائوںکی میتوں کو اہلخانہ کے حوالے کرنے کی بجائے جیل احاطے میں دفن کرنے سے بھارتی جمہوریت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے، مشن منطقی انتقام تک جاری رکھا جائیگا، مقررین

پیر 11 فروری 2019 18:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2019ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںوکشمیر کے زیر اہتمام ممتاز کشمیری رہنما ئوںشہیدمحمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی برسیوں کے سلسلے میں آج اسلام آباد میں ایک سیمینارمنعقد کیاگیا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار کی صدارت حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر سیدعبداللہ گیلانی کی جبکہ مہمان خصوصی آزاد کشمیرکے سابق صدر سردار یعقوب خان تھے ۔

سیدعلی عبداللہ گیلانی ، میر واعظ کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کے کنوینر سید فیض نقشبندی اور دیگر مقررین نے اس موقع پر کہاکہ بھارت نے محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984کو جبکہ محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کوجدوجہد آزادی کشمیر میں انکے اہم کردارپر نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر ظلم کی داستان رقم کی تھی اور انکی میتوں کو انکے ورثہ کے حوالے کرنے کی بجائے جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیاتھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی پھانسی کوبھارت کی عدالتی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیا۔انہوںنے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی میتوں کو انکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ حریت رہنمائوںکی میتوں کو انکے اہلخانہ کے حوالے کرنے کے بجائے جیل کے احاطے میں دفن کرنے سے بھارتی جمہوریت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔

انہوں نے محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو اور دیگر لاکھوں کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں ہرگز رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا۔

سیمینار کے آخر میں محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو اور دیگر شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔سیمینارمیں محمدرفیق ڈار، محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم ، محمدحسین خطیب، طاہر مسعود، حاجی سلطان بٹ، دائود خان ، شیخ محمد یعقوب، نثار مرزا، سلیم وانی ، عبدالمجید ملک، امتیاز وانی ، منظورالحق بٹ، سید اعجاز رحمانی ، مشتاق بٹ، نذیر احمد کرنائی ، جاوید جہانگیر، اشتیاق حمید، ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ ، غلام حسن، عدیل مشتاق اور شیخ عبدالمتین نے بھی شرکت کی ۔