کراچی،رواں سال میں کانگو وائرس سے پہلی ہلاکت کا کیس سامنے آگیا

ہڈیوں اور پیٹ میں درد، تیز بخار اور جسم کے کسی بھی حصے سے خون آنا کانگو کی علامات ہیں،ماہرین

منگل 12 فروری 2019 16:57

کراچی،رواں سال میں کانگو وائرس سے پہلی ہلاکت کا کیس سامنے آگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) کراچی میں رواں سال کانگو وائرس سے پہلی ہلاکت کا کیس سامنے آگیا۔ڈائریکٹر جناح ہسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق 35 سالہ خاتون تعظیم فیضان اورنگی ٹاون کی رہائشی تھیں اور انہیں گزشتہ روز علاج کے لیے جناح ہسپتال لایا گیا تھا۔ ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ 2 روز قبل تعظیم فیضان میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد ان کی طبیعت سنبھل نہیں سکی اور وہ لقمہ اجل بن گئیں۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق ہڈیوں اور پیٹ میں درد، تیز بخار اور جسم کے کسی بھی حصے سے خون آنا کانگو کی علامات ہیں۔محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے الرٹ جاری کیا گیا تھا جس میں عوام الناس کو مویشی منڈی جانے سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا تھا۔ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی کہ مویشی منڈی جاتے ہوئے ہلکے رنگ اور کھلے کپڑے پہنیں اور جسم کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں۔ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ کانگو وائرس کی چھچڑ جانور کی کھال پر موجود ہوتی ہے لہذا جانور کو ہاتھ لگانے سے قبل دستانے ضرور استعمال کریں۔واضح رہے کہ کانگو کا مرض ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔