محکمہ سکولز ایجوکیشن اساتذہ کی سہولت کیلئے ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کروا رہا ہے‘مراد راس

سپریم کورٹ کے نجی سکولوں کی بھاری فیسوں کے حوالے سے کئے گئے فیصلے پر عملدرآمد کروایا جائے گا 12اپریل؂؂؂؂؂؂تک رجسٹریشن نہ کروانے والے پرائیویٹ سکولوں کو بند کردیا جائے گا‘صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن کی پریس کانفرنس

منگل 12 فروری 2019 19:28

محکمہ سکولز ایجوکیشن اساتذہ کی سہولت کیلئے ای ٹرانسفر پالیسی متعارف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2019ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار صوبائی محکمہ سکولز ایجوکیشن استاد دوست ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کروا رہا ہے،5ہزار سے زائد ماہانہ فیس وصول کرنے والے نجی سکولوں سے 20فیصد فیس واپس لے کر ان سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین کو لوٹائی جائیں گی۔

اسی طرح 12اپریل؂؂؂؂؂؂تک رجسٹریشن نہ کروانے والے پرائیویٹ سکولوں کو بند کردیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب امجد حسین بھٹی بھی موجود تھے۔صو بائی وزیرمراد راس نے کہا کہ پرائیوٹ سکولوں میں زیر ِتعلیم بچوں کے والدین سکول انتظامیہ کی جانب سے اضافی واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں محکمہ کی جانب سے شکایات کیلئے مختص نمبر0336-7251214 پر اپنی شکایات درج کروائیں ،ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکول مالکان سپریم کورٹ کے فیسوں میں کمی کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنائیںوگرنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔صوبائی وزیرمراد راس نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے ذریعے کلاس رومز میں اساتذہ اور طالبعلموں کی تعداد کو مناسب رکھے گی تا کہ کوالٹی ایجوکیشن کا عمل متاثر نہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت میرٹ کو ملخوظ خاطررکھتے ہوئے شفافیت کی بنیاد پر اساتذہ کی ٹرانسفرزکی جائیں گی۔ اس اقدام سے ٹراسفر کے عمل میں رشوت طلب کرنے والا مافیا کا سدباب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ کیلئے جدید سافٹ وئیر استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر پالیسی کے تحت سب سے پہلے خواتین ٹیچرز کو ریلیف دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر مراد راس نے بتایا کہ نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم اپریل سے جبکہ یکم مارچ سے انرولمنٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح گرمی کی چھٹیاں یکم جون سے 11اگست تک ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی لعنت کے انسداد کیلئے طلبہ کے رینڈم بلڈ اور یورن ٹیسٹ کئے جائیں گے اور اس حوالے سے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں کے گرد پانچ سو گز کے فاصلے پر موجود سیگریٹ اور پان کے کھوکھوں کوبند کروایا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعیدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کروایا جائے گا تا کہ والدین اور بچوں کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ جو سکول رجسٹرڈ نہیں ہیں ان کی رجسٹریشن کروائی جائے گی۔بعد ازاں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد را س سے نجی سکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے ملاقات کی۔

صوبائی وزیر نے والدین کی شکایات سنی اور ان کے تحفظات کے حل کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ محکمہ سکولز کے زیر انتظام سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ سکولوں سے بہتر بنائیں گے۔