Live Updates

صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم کی قومی امن کانفرنس میں خصوصی شرکت

کانفرنس کا انعقاد ادارہ امن و تعلیم اور اسلامی نظریاتی کونسل کے باہمی اشتراک سے کیا گیا

جمعرات 14 فروری 2019 23:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2019ء) ادارہ امن و تعلیم اور اسلامی نظریاتی کونسل کے باہمی اشتراک سے گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میںایک روزہ قومی امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میںصوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین، رکن قومی اسمبلی وحید عالم خان، ایم پی اے عظمیٰ کاردار،صوبائی مشیر مذہبی امور پنجاب سید رفاقت علی گیلانی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز،چیئرمین ادارہ امن تعلیم اظہر حسین، چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام،اقلیتی مذہبی شخصیات اور ملک بھر سے مندوبین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ کانفرنس مذہبی ہم آہنگی،پر امن اور خوشحال معاشرے کی تعمیر کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

تقریب میں تمام مذہبی مسالک کے درمیان امن اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینے ، بنیادی انسانی حقوق کو تحفظ ،تمام نوجوانوں کو برابری کے حقوق، علمائے کرام کا امن و قیام میں کردار اور اقلیتی مذہبی شخصیات کی خدمات وغیرہ موضوعات کے حوالے سے سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا ۔

جس میں تمام شرکاء نے بھرپور حصہ ڈالا اور سیشن کے اختتام پر مختلف تجاویز بھی مرتب کی گئیں۔کانفرنس سے تمام شرکاء نے مختصر خطابات کیئے اور سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تمام مذاہب متحد ہوکر پاکستان بھر میں امن کی آواز بلند کریں جبکہ قومی امن کانفرنس کے انعقاد پر ادارہ امن و تعلیم اور اسلامی نظریاتی کونسل کی کاوشوں کو سراہا گیا۔صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری امن پسند ہیں اور امن کسی مذہب،فرقے یا ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھنے والے ہرفرد چاہتا ہے کہ ملک بھر میں امن قائم ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو متحد ہوکر امن،بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کے کلچر کو فروغ دینے میں مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ وطن عزیز امن کا گہوارہ بن سکے ۔صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ ہر مذہب ایک ضابطہ اخلاق اور انسانی حقوق کی حفاظت یقینی بنانے کی ترغیب دیتا ہے اور امید ہے کہ آج کے روحانی اجتماع کے باعث پاکستان کو عمران خان کے وژن کے مطابق ریاست مدینہ میں ڈھالنے کی بنیاد رکھی جاسکے گی۔

انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ آئیں ہم ایک دوسرے کے قریب ہوں اور متحد ہوکر دنیا میں امن کی آواز بلند کریں،دنیا میں ایسی محبت کی شمع روشن کریں کہ مذہبی ہم آہنگی و رواداری کی فضاء کو عام کیا جا سکے ۔کانفرنس میں امن کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ پیش کیا گیا اور متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری بھی دی گئی۔کانفرنس کے اختتام پر مختلف رہنمائوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں امن ایوارڈ سے نوازا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات