امید ہے کہ ایک دن ملتان سلطانز اپنے شہر میں میچ کھیلے گی:جہانگیر ترین

احسان مانی نے بتایا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان لیجانے میں2سے 3سال لگیں گے:رہنما تحریک انصاف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 فروری 2019 21:07

امید ہے کہ ایک دن ملتان سلطانز اپنے شہر میں میچ کھیلے گی:جہانگیر ترین
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16فروری 2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماجہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم کے آج کا میچ جیتنے کی بہت خوشی ہے ، امید ہے کہ ایک دن ملتان کی ٹیم اپنے سٹیڈیم میں بھی کھیلے گی ۔ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ملتان سلطانز کی کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دن بھی ہم اچھا مقابلہ کرکے میچ ہارے تھے لیکن آج ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی بہت خوشی ہے ، ،امید ہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم ایک دن اپنے سٹیڈیم پر بھی میچ کھیلتی نظر آئے گی ،علی ترین جنوبی پنجاب میں اچھا کام کررہے ہیں اور نئے نئے آئیڈیا ز پر کام کررہے ہیں ،انہیں میری پوری سپورٹ حاصل ہے،ان کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم کا ماحول دیکھ کر ایسا محسوس ہی نہیں ہورہا کہ میں دبئی میں بیٹھا ہوں ،ایسا لگ رہا ہے کہ ہم لودھراں یا ملتان میں بیٹھے ہیں ، یہاں دور دور سے لوگ میچز سے لطف اندوز ہونے آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ ان کی احسان مانی کے ساتھ پی ایس ایل کو پاکستان لے جانے کے حوالے سے بات ہوئی ہے اور چیئر مین پی سی بی نے انہیں بتایا ہے کہ پی ایس ایل کو مکمل طور پر پاکستان لے جانے میں ابھی 2سے 3سال لگیں گے، ایک بار جب پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہوں گے تب وہاں کے سٹیڈیم بھرے ہوئے نظر آئیںگے، قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ دلچسپ ہوگا ۔