سفری پابندیاں:طالبان کا دورہ پاکستان ملتوی

مذاکرات کے لیے نئی تاریخ طے کی جائے گی. ترجمان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 فروری 2019 14:06

سفری پابندیاں:طالبان کا دورہ پاکستان ملتوی
دوحہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 فروری۔2019ء) افغان طالبان نے سفری پابندیوں کے باعث پاکستان کا دورہ ملتوی کردیا ہے . طالبان نے پاکستان میں امریکا کے ساتھ ہونے والے امن مذاکرات کو منسوخ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کے زیادہ تر اراکین سفر نہیں کرسکتے کیونکہ وہ امریکا اور اقوام متحدہ کے بلیک لسٹ میں شامل ہیں. غیرملکی نشریاتی ادارے کے مطابق افغان طالبان کے قطر میں موجود سیاسی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکراتی ٹیم کو افغان امن مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا جو سفری پابندیوں کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے تاہم مذاکرات کے لیے نئی تاریخ طے کی جائے گی.

(جاری ہے)

طالبان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور اقوامِ متحدہ نے طالبان وفد کو مذاکرات کے لیے پاکستان جانے سے روکا ہے جبکہ طالبان کے نمائندے پاکستان جانے کے لیے آمادہ تھے اور ان کی تیاریاں بھی مکمل تھیں. طالبان نے پاکستان کا دورہ نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے‘طالبان وفد کے 9 اراکین اقوامِ متحدہ اور امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہیں.

رپورٹ کے مطابق ان کے اس بیان میں یہ بھی وضاحت نہیں کی گئی کہ ان کے متعدد اراکین کس طرح متحدہ عرب امارات اور ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرنے میں کامیاب رہے تھے. خیال رہے کہ طالبان کا قطر میں دفتر ہے جہاں ان کی مذاکراتی ٹیم موجود ہے. واضح رہے کہ اسلام آباد مذاکرات کو اہمیت اس لیے بھی حاصل تھی کیونکہ یہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے موقع پر ہونے تھے. طالبان کی 14 رکنی ٹیم میں امریکا کی گوانتاناموبے جیل کے 5 سابق قیدی اور حقانی نیٹ ورک کے سربراہ کے چھوٹے بھائی انس حقانی بھی شامل ہیں.