Live Updates

سعودی عرب کا ایک اور تحفہ، پاکستان کے حج کوٹہ میں اضافہ کردیا

رواں برس پاکستان کے 2 لاکھ حجاج حج کا فریضہ ادا کر سکیں گے، جبکہ پاکستانی عازمین کیلئے سعودی عرب میں امیگریشن کی پابندی بھی ختم کر دی گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 20 فروری 2019 22:12

سعودی عرب کا ایک اور تحفہ، پاکستان کے حج کوٹہ میں اضافہ کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری2019ء) سعودی عرب کا ایک اور تحفہ، پاکستان کے حج کوٹہ میں اضافہ کردیا، رواں برس پاکستان کے 2 لاکھ حجاج حج کا فریضہ ادا کر سکیں گے، جبکہ پاکستانی عازمین کیلئے سعودی عرب میں امیگریشن کی پابندی بھی ختم کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حج کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے سعودی حکومت نے زبردست اعلان کیا ہے۔

سعودی حکومت نے پاکستان کے حج کوٹہ میں اضافہ کردیا ہے۔ سعودی حکومت نے پاکستان کا حج کوٹہ اضافے سے 2 لاکھ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد رواں برس پاکستان کے 2 لاکھ حجاج حج کا فریضہ ادا کر سکیں گے۔ دوسری جانب پاکستانی عازمین حج پر عائد سب سے بڑی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔ حج کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے سعودی ویزے کے حصول کا عمل نہایت آسان کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی عازمین حج پر اپنا پاسپورٹ سعودی سفارت خانے بھیجنے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ جبکہ پاکستان روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت ای ویزہ کی سہولت سے مستفید ہونے والے ممالک میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پاکستانی عازمین حج کو اب گھر پر ہی ویزہ موصول ہوگا۔ جبیکہ حج کیلئے پاکستانی عازمین کی امیگریشن کا عمل بھی اب سعودی عرب کی بجائے پاکستان میں ہی ہوگا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب میں سفری اور رہائشی سہولیات کے حوالے سے بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی۔اور سعودی ولی عہد نے پاکستان کا مان رکھ لیا۔ سعودی ولی عہد نے عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہونے کی وزیراعظم عمران خان کی درخواست مان لی۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے بتایا کہ عازمین حج کی امیگریشن اب پاکستان میں ہی ہو گی۔

کراچی میں 29ہزار عازمین حج کی امیگریشن ہو گی جب کہ اسلام آباد اور لاہور سے متعلق بات چیت چل رہی ہے۔ اس کے علاوہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا حکم بھی دیا جس پر عمل شروع کیا جا شکا ہے ۔ اس حوالے سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2 ہزار 107 پاکستانی قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا۔واضح رہے گذشتہ دنوں عمران خان نے عشائیے کے دوران خصوصی طور پر کھڑے ہو کر کہا کہ سعودی ولی عہد میں آپ سے ایک درخواست کرنا چاہتا ہوں حاجیوں کیلئے خصوصی درخواست کی کہ سعودی عرب پاکستانی حجاج کو امیگریشن کی سہولت فراہم کرے۔

25 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ یہ سارے پاکستانی میرے دل کے قریب ہیں۔ ان سے اچھا رویہ اختیار کیا جائے۔ وزیراعظم نے ایک اور درخواست کی کہ 3 ہزار پاکستانی جو اپنا گھربار چھوڑ کرسعودی عرب گئے۔ وہ معمولی جرائم میں جیلوں میں قید ہیں۔ میری درخواست ہے کہ ان کو رہا کیا جائے۔ جس پر سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان کو انکارنہیں کرسکتے، وزیراعظم آپ مجھے سعودی عرب میں اپنا پاکستانی سفیر سمجھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات