مونس الہیٰ کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھارت کے شیطانی حربوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 فروری 2019 17:47

مونس الہیٰ کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھارت کے شیطانی حربوں کا نوٹس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 فروری 2019ء) : پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھارت کے شیطانی حربوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف بلا جواز پراپیگںڈے کا آغاز کیا جس میں پاکستان کو ہر سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔ بھارت کی کوشش تھی کہ پاکستان کو ہر میدان میں بدنام کیا جائے اور نفرت انگیز تحریک کو فروغ دیا جائے لیکن آئی سی سی نے پاک بھارت میچ شیڈول کے مطابق ہونے کا ہی گرین سگنل دیا جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین میچ شیڈول کے مطابق ہی ہو گا۔

اسی حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ نے بھی ٹویٹ کیا ہے،اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ بھارت کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان کی شرکت روکنے کی سر توڑ کوشش کر رہا ہے،2009 میں سری لنکا پر حملہ سے پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارتی شرارت کے 10سال بعد اب 2019 میں پلوامہ ڈرامہ بھارت کی ایک اور شرارت ہے ۔

(جاری ہے)

مونس الہی نے مطالبہ کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھارت کے شیطانی حربوں کا نوٹس لے۔

واضح رہے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت کے سب سے پرانے کرکٹ کلب کی جانب سےکرکٹ ورلڈ کپ 2019 ءمیں پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کرکٹ کلب آف انڈیا نے پلوامہ حملے کے پیش نظر بھارتی کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا تھا کہ 16 جون 2019 ءکو بھارت پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ کا بائیکاٹ کردے تاہم اس تمام تر پراپیگنڈے کے بعد بھی آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کے لیے گرین سگنل دے دیا ۔