Live Updates

جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن پر پابندی عائد

کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 21 فروری 2019 19:12

جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن پر پابندی عائد
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 فروری 2019ء) وفاقی وزارت داخلہ نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔وزارت داخلہ کی جانب سے کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پلوامہ حملے کے بعد بھارتی دھمکیوں، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور بھارت کی جانب سے لگائی گئی تجارتی پابندیوں پر بھی غور کیا گیا۔ اسی طرح اجلاس میں افغان امن عمل اور سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان سمیت وزیرخزانہ، وزیرمملکت برائے داخلہ، وزیراطلاعات ونشریات ودیگر سیاسی اور عسکری رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکاء اجلاس نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے ٹھوس اقدامات جاری رکھے گا۔ پاکستان کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ واس کے علاوہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم کی جانب سے جماعت الدعوة اورفلاح انسانیت پرپابندی کی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن پر پابندی عائد کر دی ہے۔

وفاقی وزارت داخلہ سے جاری احکامات کے مطابق جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن پر مکمل پابند ی ہوگی جبکہ وزارت داخلہ کی جانب سے کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کلعدم تنظیموں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کی روح کے مطابق کام کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات