پاکستان جانے والے دریاؤں کے پانی کا رخ موڑ دیں گے، بھارت کی گیڈر بھبکی

بھارت پاکستان کا پانی بند نہیں کرسکتا،اس کے پاس ہمارے دریاؤں میں آنیوالا پانی روکنے ،رخ موڑنے کی صلاحیت ہی نہیں، شیراز میمن یہ سراسر بھارت کی گیدڑ بھبکی ہے،بھارت میں سیاسی لوگ سیاسی باتیں کرتے ہیں،عملاً ایسا ممکن نہیں، ڈپٹی کمشنر انڈس واٹر کمیشن

جمعرات 21 فروری 2019 22:28

پاکستان جانے والے دریاؤں کے پانی کا رخ موڑ دیں گے، بھارت کی گیڈر بھبکی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) بھارت نے کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونیوالے حملے کو جواز بناکر پاکستان آنیوالے تین دریاؤں کا پانی روکنے اور دریائے راوی پر ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت نے پلوامہ حملے کو جواز بنا کر پاکستان کیخلاف آبی دہشت گردی شروع کردی ہے۔ بھارتی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز اور وزیر برائے آبی وسائل اینڈ ریور ڈویلپمنٹ نتین گڈکری نے دھمکی دی ہے کہ ہماری حکومت نے پاکستان جانے والا دریاؤں کا پانی روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جانیوالے مشرقی دریائوں دریائے راوی، ستلج اور بیاس کا رخ موڑ کر اس کا پانی جموں وکشمیر اور پنجاب کو پہنچایا جائیگا ۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر انڈس واٹر کمیشن شیراز میمن نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی بند نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس ہمارے دریاؤں میں آنیوالے پانی روکنے اور رخ موڑنے کی صلاحیت ہی نہیں، یہ سراسر بھارت کی گیدڑ بھبکی ہے۔

شیراز میمن نے کہا کہ بھارت میں سیاسی لوگ سیاسی باتیں کرتے ہیں،عملاً ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ مودی نے وزیراعظم بنتے ہی اس حوالے سے بریفنگ لی تھی، بھارت کو پتا لگ گیا تھا کہ ایسا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی نے اس کے بعد سے ایسا بیان نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستانی دریاؤں کا پانی روکنے کی کوئی اطلاع نہیں۔