مقبوضہ کشمیر: حریت راہنما یاسین ملک سمیت حریت راہنماﺅں کو گرفتار کر لیا

مقبوضہ وادی کے عوام آرٹیکل 35 اے میں ردوبدل تسلیم نہیں کریں گے. میر واعظ عمر فاروق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 23 فروری 2019 12:08

مقبوضہ کشمیر: حریت راہنما یاسین ملک سمیت حریت راہنماﺅں کو گرفتار کر ..
سری نگر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 فروری۔2019ء) مقبوضہ کشمیر کے شہر سرینگر میں حریت رہنما یاسین ملک کو گرفتار کر لیا گیا ہے. بھارتی سپریم کورٹ میں آرٹیکل 35اے کی سماعت متوقع ہے اس حوالے سے ممکنہ رد عمل سے بچنے کے لیے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں حریت راہنماﺅں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کر دیا. کشمیری میڈیا کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک، امیرجماعت اسلامی عبد الحامد فیاض سمیت دیگر راہنماﺅں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیاہے‘حریت قیادت نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی کے عوام آرٹیکل 35 اے میں ردوبدل تسلیم نہیں کریں گے.

(جاری ہے)

میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی غیر آئینی، پر تشدد اقدامات سے زمینی حقائق نہیں بدلیں گے، طاقت اور دھمکیوں سے صورت حال صرف بگڑے گی. کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ میں آرٹیکل 35 اے کی سماعت پیر کو متوقع ہے، بھارت نے اس موقع پر مقبوضہ وادی میں مزیدبھارتی پولیس اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے سے تعینات پولیس اور نیم فوجی دستوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے.

دوسری جانب حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں 70 سالوں سے ظلم و ستم کی انتہا کررہا ہے‘ ویڈیو پیغام میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے، مسئلہ کشمیر دو ایٹمی ممالک کے درمیان سلگتی چنگاری ہے. انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں بربریت کی انتہا کررکھی ہے، مظلوم کشمیروں کو شہید کیا جارہا ہے‘اہلیہ یاسین ملک کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں 70 سالوں سے ظلم و ستم کی انتہا کررہا ہے، عالمی برداری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار کرے.

ادھر کشمیری حریت رہنما میرواعظ عمرفاروق کا کہنا ہے کہ طاقت کے استعمال اور جبر سے صورت حال مزید خراب ہوگی‘سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کشمیری رہنما میرواعظ عمر فاروق نے اپنے پیغام میں کہا کہ یاسین ملک اورکارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں. کشمیری حریت راہنما نے کہا کہ تشددآمیزکارروائیاں زمینی حقائق تبدیل نہیں کرسکتیں، طاقت کے استعمال اورجبرسے صورت حال مزید خراب ہوگی.

مقبوضہ کشمیر میں حریت راہنماﺅں، کارکنوں کے خلاف بڑا کریک ڈاﺅن جاری ہے، یاسین ملک سمیت درجنوں رہنما، کارکن گرفتار کرلیے گئے ہیں. یاد رہے کہ چار روز قبل بھارتی حکومت نے میر واعظ عمر فاروق، ہاشم قریشی، عبدالغنی بٹ، بلال لون، فضل الحق قریشی اور شبیرشاہ کی سیکورٹی واپس لے لی تھی بعدازاں مقبوضہ کشمیرمیں انتہا پسندوں کے حملوں کے بعد کشمیری نوجوانوں نے میرواعظ عمرفاروق سمیت دیگر راہنماﺅں کی سیکیورٹی کی ذمے داری سنبھال لے لی تھی.