سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر باپ نے اپنی 6 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا

مسکان کی سالگرہ تھی اور وہ اپنے والد کا لایا ہوا کیک نہیں کھا رہی تھی، جس پر اس کا والد غصے سے اندھا ہوگیا اور بچی کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ مقتول کی والدہ کا بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 فروری 2019 16:28

سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر باپ نے اپنی 6 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 فروری 2019ء) : آئے روز سوشل میڈیا اور اخبارات میں ہمیں ایسے افسوسناک واقعات سننے کو ملتے ہیں کہ انسانی روح کانپ جاتی ہے۔ حال ہی میں کراچی میں ایک سفاک باپ نے سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر اپنی 6 سالہ بچی کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ شہرِ قائد کے علاقے کورنگی میں پیش آیا۔ جہاں چھ سالہ بچی مسکان اپنے ہی باپ کے تشدد سے دم توڑگئی۔

ذرائع کے مطابق زمان ٹاؤن تھانہ پولیس نے بچی کے قتل کا مقدمہ اس کے والد عبد الحکیم کے خلاف بچی کی والدہ کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔ پولیس نے مقدمے میں قتل کی دفعات بھی شامل کی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ مسکان کی سالگرہ تھی اور وہ اپنے والد کا لایا ہوا کیک نہیں کھا رہی تھی، جس پر اس کا والد غصے سے اندھا ہوگیا اور بچی کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

(جاری ہے)

لیکن پھول جیسی کمسن مسکان اپنے سفاک باپ کا تشدد برداشت نہ کرسکی اور موت نے اُسے آ لیا۔ بیٹی کی ہلاکت کے بعد ملزم اپنے گھر سے فرار ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزم عبدالحکیم نشے کا عادی ہے اور جرائم میں بھی ملوث رہا ہے۔

اس سے قبل بھی وہ ایک بار جیل جا چکا ہے۔ ملزم کی اپنی بیوی سے اکثر و بیشتر لڑائی ہوا کرتی تھی۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ملزم غصے کا کافی تیز تھا۔ یاد رہے کہ اسی طرح کا ایک واقعہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی پیش آیا تھا جب کراچی کےعلاقہ کلفٹن میں اپنی پھول جیسی کمسن ڈھائی سالہ بیٹی انعم کو سمندر میں ڈبو کرقتل کرنے کے بعد ماں نے خود بھی خودکشی کی کوشش کی تھی ، تاہم موقع پر موجود لوگوں نے اسے ڈوبتا دیکھ کر بچا لیا تھا۔

ملزمہ کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔ دوسری جانب گذشتہ سال دسمبر میں صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک باپ نے اپنی معاشی حالت میں بہتری کے لیے جعلی عامل کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بیٹی مبینہ طور پر قتل کردی تھی ، پولیس نے والد اور عامل دونوں کو گرفتار کرلیا تھا۔