شہر قائد میں ایک اور جوڑا غیرت کے نام پرجرگے کے ہاتھوں قتل ہوگیا

نصیب زر خان اور خاتون واجب سر خان کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا، دونوں کی لاشیں حب کے علاقے سے برآمد ہوئی تھیں واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں قتل اور کاروکاری کی دفعات کے تحت درج ، مقتولین کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے کالا ڈھاکہ سے ہے

ہفتہ 23 فروری 2019 16:47

شہر قائد میں ایک اور جوڑا غیرت کے نام پرجرگے کے ہاتھوں قتل ہوگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) شہر قائد میں ایک اور جوڑا غیرت کے نام پرجرگے کے ہاتھوں قتل ہوگیا، لڑکے کے اہل خانہ نے مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مومن آباد میٹروول کے رہائشی نصیب زر خان اور خاتون واجب سر خان کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا تھا، دونوں کی لاشیں حب کے علاقے سے برآمد ہوئی تھیں۔

پولیس نے دوہرے قتل کی اس واردات کی تفتیش کی تو چونکا دینے والے والے حقائق سامنے آگئے، واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں قتل اور کاروکاری کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، دونوں مقتولین کا تعلق خیبر پختونخواہ کے علاقے کالا ڈھاکہ سے ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ آج سے لگ بھگ آٹھ ماہ قبل نصیب زر خان اپنے گھرو الوں سے جھگڑا کرکے چلا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

لڑکے کے جانے کے ایک ماہ بعد لڑکی بھی اپنے گھر سے لاپتہ ہوگئی ۔گزشتہ آٹھ ماہ میں ایک بار بھی دونوں کے اہل خانہ نے دونوں کی گمشدگی کا مقدمہ درج نہیں کروایا۔ لڑکا اور لڑکی کے غائب ہونے پر خاندان کے بزرگوں کی جانب سے جرگہ بلایا گیا، جرگے کے عمائدین نے لڑکے اور لڑکی کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔پولیس کو لڑکا اور لڑکی ، دونوں کی لاشیں تشدد زدہ حالت میں حب سے ملیں۔

قتل کے بعد لڑکی کے اہل خانہ علاقہ چھوڑ کرفرار ہوگئے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔دوسری جانب لڑکے کے اہل خانہ نے بھی اپنے بیٹے کے قتل کا مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے مقدمے کی تفتیش ابھی جاری ہے۔پولیس کے مطابق لڑکی کے اہلخانہ گھر پر تالا لگا کر کہیں چلے گئے ہیں جن سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے جب کہ دونوں مقتولین کے اہلخانہ کی جانب سے گمشدگی کا بھی کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا گیا تھا۔واضح رہے کہ 20 فروری کو سرجانی تھانے کی حدود میں نادرن بائی پاس کے قریب پہاڑی کے عقب سے دونوں کی لاشیں ملی تھیں۔ جو ایک روز پرانی تھیں اور دونوں مقتولیں کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :