بھارت کی ممکنہ مہم جوئی کی مزاحمت کے لئے پوری قوم پرعزم ہے،حامدرضا

بھارتی دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے بھارت جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار پاکستانی قوم کا مقابلہ نہیں کر سکتا اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کے امن دشمن رویہ کا نوٹس لے،چیرمین سنی اتحاد کونسل

ہفتہ 23 فروری 2019 21:16

بھارت کی ممکنہ مہم جوئی کی مزاحمت کے لئے پوری قوم پرعزم ہے،حامدرضا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2019ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بھارت کی ممکنہ مہم جوئی کی مزاحمت کے لئے پوری قوم پرعزم ہے۔ بھارتی دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ مودی الیکشن جیتنے کے لئے پاکستان دشمنی کو ہوا دے رہا ہے۔ بھارت جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار پاکستانی قوم کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔

اقوام متحدہ اور عالمی برادری بھارت کے امن دشمن رویہ کا نوٹس لے۔ بھارتی جنگی جنون خطے کے امن کے لئے خطرہ ہے۔ پلوامہ حملے کی آڑ میں بھارت کی پاکستان دشمن مہم امن دشمنی کی بدترین مثال ہے۔ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تو پوری قوم متحد ہو کر بھارت کو کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ رضویہ میں علماء و مشائخ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت بھارت کا امن دشمن چہرہ بے نقاب کرنے کے لئے عالمی سطح پر سفارتی مہم چلائے۔ بھارت برصغیر کا بھیڑیا بن چکا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے اور کشمیری حریت پسندوں کو بدنام کرنے کے لئے پلوامہ حملے جیسے ڈرامے رچا رہا ہے۔ بھارت کو پاکستان کے خلاف مہم جوئی مہنگی پڑے گی۔ پاکستانی قوم کا ہر فرد بھارت کے لئے ایٹم بم ہے۔ پوری قوم پاکستان کی بہادر افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔ دفاع وطن کے لئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔