وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے بعض اہم امور کی منظوری دے دی گئی

جمعرات 28 فروری 2019 21:15

وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے بعض اہم امور کی منظوری دے دی گئی، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکریٹری بلوچستان اختر نذیر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات، سیکریٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون اور سی ای او پی پی ایچ آئی عزیز جمالی کی جانب سے منصوبہ کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی، اجلاس میں 1122 ریسکیو ایمرجنسی سروسز کیلئے علیحدہ ڈائریکٹریٹ کے قیام اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے امور کو جلد حتمی شکل دینے کے لئے ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 1122ریسکیو سروس کے مجوزہ ایکٹ کو جلد منظور کرایا جائے گا، صوبے میں ایمرجنسی سروس حکومت پنجاب کے ماڈل پر قائم کی جائے گی اور ریسکیو سروس کے لئے منظور شدہ 495 مختلف اسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کرکے اہلکاروں کو پنجاب سے تربیت دلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کوئٹہ میں ایک ماہ کے اندر ریسکیو سروس کے آزمائشی آغاز اور صوبے کے دیگر شہروں میں بھی یہ سروس شروع کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی، صوبے کی قومی شاہراہوں پر ایمرجنسی سروس 1122کے تحت بنیادی مراکز صحت کو ایمرجنسی سینٹر بنانے کے منصوبے کے حوالے سے سی ای او پی پی ایچ آئی نے بتایا کہ منصوبے پر جلد عملدرآمد کا آغاز کردیا جائے گا جس سے شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی صورت میں زخمیوں کو تربیت یافتہ اسٹاف کے ذریعہ فوری طبی امداد فراہم کرکے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنا ممکن ہوسکے گا اور بہت سی قیمتی جانیں بچائی جاسکیں گی، اجلاس میں اس منصوبے کے لئے ضروری فنڈز، انسانی وسائل اور ایمبولینس سمیت دیگر آلات کی فراہمی کی منظوری دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی سروسز کو اس طرز پر قائم کیا جائے کہ جس میں زلزلہ، سونامی، سیلاب، ٹریفک حادثات، آتشزدگی اور دہشت گردی سمیت دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہو اور اس کے اہلکار ضروری تربیت سے آراستہ اور جدید آلات سے لیس ہوں، وزیراعلیٰ نے ہر ضلع میں آتشزدگی کے واقعات سے نمٹنے کے لئے فائر بریگیڈ اسٹیشن کے قیام اور آگ بجھانے کے لئے خشک مادے اور دیگر آلات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔