سندھ اسمبلی ،محکمہ ترقی نسواں سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران خاتون رکن اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیامحکمہ کی ناقص کارکردگی پر برس پڑیں

پیپلزپارٹی کو سندھ میں مسلسل حکومت کرتے ہوئے 11سال ہوگئے ،اس کی جانب سے اب بھی صرف یہی کہا جارہا ہے ہم نے منصوبہ بنایا ہے،سیماء ضیاء

جمعہ 1 مارچ 2019 21:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) سندھ اسمبلی میں جمعہ کو محکمہ ترقی نسواں سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیامحکمہ کی ناقص کارکردگی پر برس پڑیں اور انہوں نے محکمہ کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو سندھ میں مسلسل حکومت کرتے ہوئے 11 سال ہوگئے ہیں لیکن اس کی جانب سے اب بھی صرف یہی کہا جارہا ہے کہ ہم نے منصوبہ بنایا ہے، ہم کچھ کررہے ہیں اور کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے پاس اس ایوان میں بتانے کے لئے کچھ نہیں ہے، یہ صورتحال اس کی نااہلی نہیں تو پھر کیا ہے۔صوبائی وزیر ترقی نسواں شہلا رضا نے کہا کہ ان کی یہ خواہش ہے کہ ہرپارٹی سے ایک خاتون رکن ہمارے محکمے کی کمیٹی میں شامل ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈویڑنل ہیڈکوارٹرمیں ویمن کمپلیکس کامنصوبہ زیرغورہے جس میں خواتین کے لئے تمام سہولیات موجود ہونگی۔

ڈاکٹر سیما ضیا نے کہا کہ خواتین آبادی کاپچاس فیصدہیں کیاانکاترقی میں حصہ نہیں ہے ۔ انہوں کہا کہ کیا ہم بیٹھ کر روئیں کہ جب سوال کرتے ہیں تو جواب ملتا ہے ہونگے کریں گے مکمل کررہے ہیں فیصلہ کریں گے یہ کونسی کارکردگی ہے ۔جی ڈی اے کے رکن اسمبلی عارف جتوئی نے اس بات پر نکتہ چینی کی کہ صوبے میں خواتین کے لئے کوئی شیلٹرہوم کیوں نہیں ہے ۔ جس پر شہلا رضا نے کہا کہ کراچی سکھرحیدرآبادمیں میں خواتین دار الامان موجود ہیں اورمحکمہ سماجی بہبودکے تحت ہرضلع میں سیف ہاوسزبنائے جارہے ہیںصوبے کی15اضلاع میں خواتین کے لئے کرائسسزسینٹرز موجودہیں۔