دیسی گھی کے نام پر بڑی جعلسازی کی کوشش ناکام

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک کروڑ سے زائد مالیت کا 10ہزار کلو ناقص گھی تلف کر دیا

ہفتہ 2 مارچ 2019 15:20

دیسی گھی کے نام پر بڑی جعلسازی کی کوشش ناکام
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2019ء) دیسی گھی کے نام پر بڑی جعلسازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ،پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک کروڑ سے زائد مالیت کا 10 ہزار کلو ناقص گھی تلف کر دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دیسی گھی کمپنیوں کی چیکنگ مہم کے دوران ساہیوال میں موجود فیکٹری کا سیمپل لیا گیا،سیمپل فیل ہونے پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر کمپنی کا تمام سٹاک فوری سیل کیا گیا،ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے پاس ذاتی سنوائی میں کمپنی نمائندوں نے دوبارہ تجزیے کی درخواست کی جسے منظور کیا گیا،دوبارہ لیبارٹری تجزیے میں بھی دیسی گھی اور خام مال کے تمام نمونے فیل ہوئے،نتائج آنے پر آخری سنوائی میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے تمام مال تلف کرنے کا حکم دیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عثمان نے کہا کہ کمپنی کا تقریباً ایک کروڑ سے زائد مالیت کا 10 ہزار کلو گھی تلف کیا گیا ہے ،ناقص اجزاء سے بنا دیسی گھی ہزاروں افراد کی صحت کو متاثر کر سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ناقص اجزا سے بنی اشیا خاموش زہر قاتل اور متعدد موذی امراض کا سبب بنتی ہیں، ملاوٹ ذدہ اور ناقص اشیا کی تیاری کسی بھی سطح نہیں ہونے دیں گے۔ کاروبار چھوٹا ہو یا بڑا، پنجاب فوڈ اتھارٹی قانون سب کے لیے ایک جیسا ہے۔