Live Updates

وزیراعظم اور آرمی چیف ایک دوسرے کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟

سول اور عسکری قیادت ایک دوسرے کے حامی اور ایک دوسرے کے کردار کو سراہتے ہیں۔ سینئیر تجزیہ کار ندیم ملک

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 7 مارچ 2019 10:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار ندیم ملک نے کہا کہ پاکستان گذشتہ دنوں میں جن حالات سے گزرا ہے، اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بہت بڑی کامیابی دی ہے۔ بین الاقوامی محاذ پر اور سکیورٹی کے حوالے سے بھی پاکستان کو کافی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ایک بات جو قابل غور تھی وہ یہ تھی کہ ان حالات میں سول اور عسکری قیادت کی جانب سے ایک جیسا یکسوئی کے ساتھ رد عمل ملا، سول اور عسکری قیادت نے ملکی حالات پر ایک جیسے رد عمل کا اظہار کیا۔

ایسا نہیں لگا کہ دونوں ایک نقطے پر نہ ہوں، یا مفادات کا ٹکراؤ ہو، یا کسی بھی قسم کا اختلاف رائے ہو۔ عوامی سطح پر سول اور عسکری حکام نے ایک جیسا رد عمل دیا۔

(جاری ہے)

ندیم ملک نے کہا کہ چند ماہ قبل میں نے ایک بریفنگ کا حوالہ دیا تھا، اس بریفنگ کے آخر میں ہمیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوال کرنے کا موقع ملا تو ہم نے ان سے وزیراعظم سے متعلق پوچھا کہ وزیراعظم عہدے کا حلف لے چکے تھے ، ان سے رائے طلب کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پُر عزم ہیں، ایماندار ہیں اور محنتی ہیں۔

کچھ ہی روز قبل ہمیں ایسی ہی ایک میٹنگ میں موقع ملا تو میں نے آرمی چیف سے متعلق وزیراعظم کی رائے طلب کی جس پر انہوں نے کہا کہ میں نے بہت سے آرمی چیف سے ملاقات کی لیکن جنرل باجوہ مختلف ہیں۔ وہ معاملہ فہم اور پیشہ ور ہیں۔ انہوں نے زور دے کرکہاکہ وہ مختلف ہیں۔ ندیم ملک نے کہا کہ یہاں ہمیں یہ نظر آیا کہ ایک حاضر سروس آرمی چیف ہے جو وزیراعظم کے کردار کو سراہ رہا ہے اور ایک موجودہ وزیراعظم ہے جو شاباشی دے رہا ہے کہ میرا آرمی چیف بہت پروفیشنل ہے۔ اس حکومت میں ٹویٹ کے ذریعے طنز کے جملوں کا تبادلہ نہیں دیکھا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح کہہ دیا تھا کہ سکیورٹی معاملات پر بریفنگ لے کر ہم فیصلہ کریں گے اور وہ فیصلہ پاکستان کی ریاست کا فیصلہ ہو گا جس پر ہم عمل کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات