پی ایس ایل 4، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61رنزسے شکست دیدی

کولن انگرام کی نصف سنچری رائیگاں،حسن علی کی 3وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 مارچ 2019 22:41

پی ایس ایل 4، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61رنزسے شکست دیدی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11مارچ 2019ء) کراچی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے آخری لیگ میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61رنز سے شکست دیدی ۔ پشاور زلمی کے204رنز کے ہدف کے تعاقب میں کولن منرو اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا تو منرو بغیر کوئی رن بغیر حسن علی کا شکار بنے،بابر اعظم13رنز بنا کر ثمین گل کا شکار بنے جبکہ تائیمل ملز نے لیام لیونگ سٹون کو6رنز پر چلتا کیا ، بین ڈنک6رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے،افتخار احمد 4رنز بنا کر ثمین گل کا دوسرا شکار بنے ،کولن انگرام اپنی36ویں ٹونٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد71رنز کی عمدہ باری کھیل کر ملز کا دوسرا شکار بنے،سہیل خان صرف 1رن بنا کر حسن علی کا دوسرا شکار بنے،وہاب ریاض نے محمد عامر کو صفر کی خفت سے دوچار کرکے دوسری وکٹ حاصل کی،عماد وسیم 30رنز بنا کر حسن علی کا تیسرا شکار بنے،اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 30ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

(جاری ہے)

پشاور زلمی کی جانب سے کامرا ن اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور کراچی کنگز کے باﺅلرز کی جم کر دھلائی کی،کامران اکمل نے اپنے ٹونٹی ٹونٹی کیریئر کی 39ویں نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ48گیندوں پر10چوکوں اور5چھکوں کی مدد سے86رنز بنا کر منرو کا شکار بنے ،کیرون پولارڈ مسلسل 2گیند وں پر2چھکے لگانے کے بعد تیسرا چھکا لگانے کی کوشش میں منرو کا دوسرا شکار بن گئے ، امام الحق نے اپنی 11ویں نصف سنچری مکمل کی،لیام ڈاسن9رنز بنا کر عامر کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ امام الحق بھی59رنز بنا کر اسی اوور میں پوویلین لوٹے،ڈیرن سیمی 5رنز بنا کر عامر کا تیسرا شکار بنے، حسن علی ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے، صہیب مقصود 12 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے 3، منرو نے 2 اور عثمان شنواری نے1 وکٹ حاصل کی۔دونوں ٹیموں نے سکواڈ میں ایک ایک تبدیلی کی، کراچی کنگز نے عامر یامین کی جگہ محمد عامر جبکہ پشاور زلمی نے مصباح الحق کی جگہ صہیب مقصور کو ٹیم میں شامل کیا۔کراچی کنگز اور پشاور زلمی دونوں ہی ٹیمیں پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرچکی ہیں۔قبل ازیں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے مابین پاکستان سپرلیگ کا 29واں میچ کھیلا گیا جس میں لاہور قلندرز کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔