Live Updates

غیر نصابی سرگرمیوں کی ترویج کے لیے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے‘وفاقی وزیر صحت

کھیل کے میدان آباد ہوں تو معاشرے میں مثبت رجحان پیدا ہو گا جس سے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پائے گا‘عامر محمود کیانی

منگل 12 مارچ 2019 15:24

غیر نصابی سرگرمیوں کی ترویج کے لیے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے‘وفاقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2019ء) وفاقی وزیر صحت عامرمحمود کیانی نے کہا ہے کہ غیر نصابی سرگرمیوں کی ترویج کے لیے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ طلباء اور نوجوان معاشرے میں صحت مند زندگی گزار سکیں۔ کھیل کے میدان آباد ہوں تو معاشرے میں مثبت رجحان پیدا ہو گا جس سے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پائے گا۔صحت مند معاشرے کے فروغ میں کھیل کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

صحت مند معاشرے کے لیے کھیل کے گرائونڈ آباد ہونا انتہائی ضروری ہیں تاکہ ہماری نوجوان نسل صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل ہو کر ملک و قوم کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور منفی سرگرمیوں کاتدارک ہو۔تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ہماری نوجوان نسل کو تعلیم کے میدان بھر پور محنت کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے اپنے حلقے این اے 61 راولپنڈی میں گورنمنٹ وومن کالج میں سالانہ سپورٹس ڈے کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر صحت نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم اور صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ راولپنڈی کے ہسپتال کی بہتری کے لیے وزیر اعظم نے خود بھی ہسپتالوں کے دورے کئے ہیں عوام کو معیاری علاج کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتربنا رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم خواتین کو معاشرے میں اہم مقام دیں گے اور ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریںگے۔ این اے 61 میرا حلقہ ہے اس حلقے میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کو مثالی بنائوں گا۔اپنے حلقے کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں اور عوام کی سترسالہ محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات