پی ٹی آئی حکومت نے مسعود اظہر کو گرفتار نہ کرنے کی وجہ بتا دی

مسعود اظہر کی بیماری کا مسئلہ ہے اسی لیے گرفتار نہیں کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما صداقت عباسی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 14 مارچ 2019 11:16

پی ٹی آئی حکومت نے مسعود اظہر کو گرفتار نہ کرنے کی وجہ  بتا دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مارچ 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مسعود اظہر کو گرفتار کیوں نہیں کیا ؟ جس پر پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہا کہ مسعودی اظہر کی بیماری کا مسئلہ ہے اسی لیے ان کو گرفتار نہیں کیا جا رہا۔

صداقت عباسی کے اس جواب پر محمد زبیر نے کہا کہ جو شخص 3 مرتبہ کا وزیر اعظم رہ چکا ہے اس کی بیماری کا مسئلہ نہیں ہے؟ جس پر پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں۔ اس بات پر پروگرام میں موجود محمد زبیر اور پی ٹی آئی رہنما صداقت عباسی کے مابین تکرار ہو گئی۔ یاد رہےکہ حکومت نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کا فیصلہ کیا تو کالعدم تنظیموں کے زیر انتظام چلنے والی مساجد اور مدارس کا کنٹرول سنبھالا جس کے بعد مسعود اظہر کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن تاحال مسعود اظہر کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا کہ جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر پاکستان میں ہیں، لیکن اتنے علیل ہیں کہ گھر سے نکلنے سے قاصر ہیں۔ غیر ملکی میڈیا سی این این کو دئے گئے ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر بھارت مسعود اظہر کےخلاف ثبوت پیش کرے تو پاکستان کارروائی کرے گا، لیکن یہ معاملہ پہلے پاکستان کی عدالت میں جائے گا اور پھر گرفتاری کی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس اگر ٹھوس شواہد موجود ہیں تو پاکستان کو فراہم کرے تاکہ حکومت عوام اور عدلیہ کو قائل کر سکے۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر وزارت داخلہ نے ایکشن لیتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 44 افراد کو حراست میں لیا تھا۔حراست میں لیے گئے 44 افراد میں مفتی عبدالرؤف اورحماد اظہر بھی شامل تھے۔