لاہور، عدالت نے نواز شریف کیخلاف سنگین غداری کا مقدمہ درج کروانے کی درخواست ڈسٹرکٹ کمپلینٹ سیل کو بھجوا دی

جمعرات 14 مارچ 2019 21:50

لاہور، عدالت نے نواز شریف کیخلاف سنگین غداری کا مقدمہ درج کروانے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2019ء) سیشن عدالت نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے انٹرویو کو بھارتی وکیل کی جانب سے ممبئی حملوں کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف میں بطور ثبوت پیش کرنے کے معاملے پر نواز شریف کیخلاف سنگین غداری کا مقدمہ درج کروانے کی درخواست ڈسٹرکٹ کمپلینٹ سیل کو بھجوا دی، ایس پی کینٹ درخواست گزار کو سن کر مقدمے کے اندراج کا فیصلہ کرینگے۔

چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم پر سیشن عدالتوں سے 22اے، 22بی کی درخواستیں سننے کا اختیار واپس لینے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج رائے خان محمد نے ڈسٹرکٹ کمپلینٹ سیل کو درخواست بھجوائی ہے۔ مقامی شہری علی نے سلیم چوہدری ایڈووکیٹ کی وساطف سے درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ممبئی حملوں سے متعلق ایک اخباری نمائندے کو انٹرویو دیا۔

(جاری ہے)

اس انٹرویو میں دیا جانے والا نواز شریف کا بیان ملک سے غداری کے مترادف ہے کیونکہ نواز شریف کے اس بیان کو بھارت نے اپنے جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف میں پاکستانی ریاست کیخلاف بطور ثبوت پیش کیا۔ درخواست گزار کے مطابق سابق وزیر اعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لئے پولیس کو درخواست دی تاہم کوئی کارروائی نہ ہو سکی۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔