Live Updates

شہرقائدمیں گرین لائن منصوبہ تاحال مکمل نہ ہوسکا،شہریوں کا منصوبہ فوری طور مکمل کرنے کا مطالبہ

پیر 18 مارچ 2019 16:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) شہرقائدمیں گرین لائن منصوبہ تاحال مکمل نہ ہوسکا، 16 ارب 85 کروڑ سے شروع ہونے والا منصوبہ دسمبر 2017 میں مکمل ہونا تھا۔شہریوں نے منصوبہ فوری طور مکمل کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔کراچی کے شہریوں کا ڈریم پروجیکٹ گریں لائن بس پروجیکٹ کب مکمل ہوگا ، اب بھی ہے یہ ایک بڑا سوا ل ، مسلم لیگ ن کی دور حکومت میں گرین لائن پروجیکٹ دسمبر 2016 میں شروع ہو اتھا ،16 ارب 85 کروڑ روپے مالیت کے اس منصوبے کو دسمبر 2017 میں مکمل ہونا تھا ۔

تاہم منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے باعث اب اس کی مالیت بھی بڑھ 24 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے ۔ 21کلومیٹر طویل گرین لائن میٹرو بس منصوبے پراب بھی 23فیصد تعمیراتی کام باقی ہے ،منصوبہ مکمل نہ ہونے کے باعث شہری بھی مایوس ہیں اور انہوں وفاقی حکومت سے منصوبے کی فوری تکمیل کا مطالبہ کیاہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب گرین لائن منصوبے پر سفر کی سہولت فراہم کرنے والی بسیں بھی تاحال کاغذوں پر ہی سفر کر رہی ہیں، گرین لائن میٹرومنصوبے کے لئے بسیں کون خریدے گا یہ بھی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے، وزیراعظم عمران خان نے گرین لائن میٹرو کے لیے بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن گذشتہ سال 15 دسمبر 2018 کو وفاق نے گرین لائن میٹروبس کا ٹریک سندھ حکومت کے حوالے کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات