جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل سے باقاعدہ علیحدگی اختیار کرلی

جماعت کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مولانا فضل الرحمان کو اتحاد سے علیحدگی کے فیصلے سے آگاہ کردیا

muhammad ali محمد علی بدھ 20 مارچ 2019 20:09

جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل سے باقاعدہ علیحدگی اختیار کرلی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مارچ 2019ء) جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل سے باقاعدہ علیحدگی اختیار کرلی، جماعت کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مولانا فضل الرحمان کو اتحاد سے علیحدگی کے فیصلے سے آگاہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا دینی اتحاد متحدہ مجلس عمل ٹوٹ گیا ہے۔ جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل سے باقاعدہ علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اتحاد سے علیحدگی کے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکن اب اپنی شناخت کیساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، اس لیے کارکنوں کی رائے کا احترام کرتے ہوئے جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل کے اتحاد سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں منعقدہ ایم ایم اے کے اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کے ہمراہ شرکت کی اور ایم ایم اے کی قیادت کو جماعت اسلامی کی حکمت عملی اور مرکزی شوریٰ کے فیصلہ سے آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی اسلامی نظریاتی سرحدوں ، اسلامی قوانین کی حفاظت ، ملک سے سود کے خاتمہ اور دینی ایشوز پر دینی جماعتوں کا بھر پور ساتھ دے گی البتہ سیاسی و انتخابی میدان میں اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد کرے گی ۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے متحدہ مجلس عمل کے بینر تلے عام انتخابات 2018 میں حصہ لیا تھا۔ تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود متحدہ مجلس عمل کو اپنے گڑھ خیبرپختونخواہ سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بھی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔