نوزائیدہ بچوں میں سماعت کی کمی کو چیک کرنے کے لئے اسکریننگ پروگرام شروع کیا جائے گا، سید قاسم نوید قمرمعاون خصوصی وزیراعلی سندھ

جمعرات 21 مارچ 2019 19:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ ان کا محکمہ غیر سرکاری تنظیم کے تعاون سے نوزائیدہ بچوں میں سماعت کی کمی کو چیک کرنے کے لئے اسکریننگ پروگرام شروع کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے تاکہ یہ بچے آگے چل نارمل زندگی گذار سکیں۔ یہ بات آج انہوں نے سیکریٹری صحت سندھ کے دفتر میں منعقد ہونے والی ایک میٹنگ میں کہی۔

اس موقع پر سیکریٹری صحت سعید احمد اعوان، اسپیشل سیکریٹری صحت حفیظ اللہ عباسی، این جی او کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز بشیر، ڈاکٹر اے آر گیڈریڈ اور ڈپٹی سیکرٹری شاہ زیب شیخ بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں یہ تجویز دی گئی کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو اس سلسلے میں تربیت دی جائے کہ نوزائیدہ بچوں میں سماعت کی کمی کو کس طرح نشاندھی کریں اور پھر ایسے بچوں کو آڈیو لوجسٹ کے پاس بھجیں تاکہ وہ آئندہ زندگی بہتر انداز سے گزار سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ اس سلسلے کا پائلٹ پروجیکٹ لاڑکانہ، حیدرآباد یا شہید بینظیر آباد سے شروع کیا جائے اور اس کی کامیابی کے بعد اس کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ سندھ پاکستان میں پہلا صوبہ ہوگا جو نوزائیدہ بچوں میں سماعت کی کمی کو معلوم کرنے کے لئے اسکریننگ پروگرام شروع کریگا اور امید ہے کہ اس پروگرام کے شروع ہونے سے سماعت کی کمی کا شکار بچوں کو فائدہ ہوگا۔