امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے، سلیکٹڈ حکومت امن و امان کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے،خیر بخش بلوچ رہنماء نیشنل پارٹی

جمعرات 21 مارچ 2019 22:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ نے کہا ہے کہ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال تشویشناک ہے سلیکٹڈ حکومت امن و امان کنڑول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔بلوچستان میں عوام کو تحفظ دینے اور امن قائم رکھنے کے لئے خطیر رقم مختص اور خرچ کیا جارہا ہے لیکن پھر بھی آئے روز ناخوشگوار واقعات کا رونما ہونا حکومت اور سیکورٹی فورسز کی غفلت کے بدولت ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں عملا نہ حکومت اور نہ اپوزیشن۔5 جماعتی سلیکٹڈ حکومت اپنی صفوں کے سازشوں کا شکار ہے اور اپوزیشن حکومت بنانے کی خوش فہمی مبتلا ہونے اور زاتی مفادات کے حصول میں اپنی اصل فرائض بھول چکی ہے۔جو کہ عوام کے ساتھ ظلم و نانصافی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان برسوں سے بدامنی کا شکار رہا ہے اور اس بدامنی نے ہزاروں انسانوں کو زندگی سے محروم کردیا ہے۔

ہر طرف خود و ہراس کا سماں تھا۔لیکن 2013 کی انتخابات کے بعد نیشنل پارٹی اور اتحادیوں کی حکومت نے ڈاکٹر مالک بلوچ کی سربراہی میں بتدریج حالات کو قابو میں لا کر عوام کو امن کا تحفہ دیا۔بیان میں کہا گیا کہ موجودہ 5 جماعتی سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی اور غفلت کے باعث بلوچستان میں بدامنی کی لہر ابھر رہی ہے۔جو کہ عوام کے لئے نیک شگون نہیں۔بلوچستان میں امن کے لئے خطیر رقم خرچ ہورہی ہے۔لیکن رزلٹ صفر ہے۔عوام کو تحفظ دینے والے ہی محفوظ نہیں تو عوام کیا امید رکھے۔