رُکن قو می اسمبلی صلاح الدین اور ایس ایس پی حیدرآباد سرفراز نواز شیخ نے لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد کا دورہ کیا

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رُکن قو می اسمبلی صلاح الدین اور ایس ایس پی حیدرآباد سرفراز نواز شیخ نے ہفتے کو لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد کا دورہ کیا، انہوں نے مختلف وارڈوں میں جاکر مریضوں کی عیادت کی اور وہاں علاج معالجے کی سہولیات کے علاوہ وارڈوں میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، ایم ایس ڈاکٹر مبین احمد میمن ، ڈائریکٹر ایڈ من عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر نعیم ضیاء میمن، اے ایم ایس ڈاکٹر شاہد جونیجو اور دیگر بھی اُن کے ساتھ تھے۔

ایم این اے صلاح الدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سول ہسپتال حیدرآبا دمیں ماضی کے مقابلے میں بڑی تبدیلی آئی ہے ۔ اب مریضوں کو جدید مشینوں کے ذریعے علاج کی سہولیات حاصل ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

ایم آر آئی، سی ٹی اسکین اور پیتھالوجی ٹیسٹ بھی مریضوں کیلئے بڑی سہولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال نہ صرف حیدرآباد بلکہ سندھ کے دور دراز سے علاج کیلئے آنے والے مریضوں کی امیدوں کا مرکز ہے، ہمارا تعاون ہسپتال کی انتظامیہ کے ساتھ ہے کیونکہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ غریب عوام کو علاج کی بہتر سے بہتر سہولتیں میسر آسکیں۔

دریں اثناء ایس ایس پی حیدرآباد سرفراز نواز شیخ نے ہسپتال کے دورے کے دوران حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بھی صورتحال کا جائزہ لیا، ایم ایس ڈاکٹر مبین احمد میمن نے بتایا کہ ہسپتال کے ہر وارڈ اور ہر حصے میں کلوز سرکٹ کیمرے لگائے گئے ہیں جن کے ذریعے ہر وقت صورتحال کو مانیٹر کیا جارہا ہوتا ہے اس کے علاوہ بڑی تعداد میں نجی سیکورٹی کمپنی کے گارڈ بھی 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں دیتے ہیں، ایس ایس پی حیدرآباد نے کہاکہ ہسپتال میں مزید سیکورٹی کے حوالے سے متعلقہ تھانے کو بھی احکامات جاری کئے جاچکے ہیں کہ ہسپتال میں مزید پولیس کی نفری لگادی گئی ہے اور پولیس کے گشت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے اس کے علاوہ او پی ڈی کے اطراف کی سڑکوں پر بھی ٹریفک کو ون وے کردیا ہے تاکہ وہاں مستقل ٹریفک جام رہنے کی شکایات کو دور کیا جاسکے، انہوں نے کہاکہ ہسپتال اور او پی ڈی کے اطراف میں غیرقانونی تجاوزات بھی ختم کی جارہی ہیں تاکہ یہاں آنے والے مریضوں کو آمدورفت میں پریشانی نہ کرنا پڑے اور ایمبولینس سمیت دیگر گاڑیاں آسانی سے آجاسکیں۔