اسلامی فوبیا پورے یورپ کے لیے خطرہ ہے. نمائندہ یورپی یونین

اس بات کو یقین بنایا جانا چاہیے کہ اسلامی فوبیا ہمارے معاشروں میں کوئی جگہ نہ بنائے. فیڈریکاموگیرینی کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ پریس کانفرنس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 مارچ 2019 18:03

اسلامی فوبیا پورے یورپ کے لیے خطرہ ہے. نمائندہ یورپی یونین
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مارچ۔2019ء) یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکاموگیرینی نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا نہ صرف مسلمانوں بلکہ یورپ کے پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہے. اس بات کا اعتراف انہوں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا. فیڈریکا موگیرنی کے اس رواں دورے کے دوران پاکستان اور یوپی یونین کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کا یہ چوتھا دور تھا‘یورپی یونین کے نمائندہ نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کو یورپی مارکیٹوں میں ہر ممکن رسائی فراہم کی جارہی ہے.

(جاری ہے)

پریس کانفرنس کے دوران یورپی یونین کی نمائندہ سے اسلامو فوبیا سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ اسلامو فوبیا سے صرف مسلمان ہی متاثر نہیں ہوتے، بلکہ یہ پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہے. انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشروں کی طاقت ان میں موجود مختلف اکائیوں میں ہے، تاہم اگر کوئی کسی ایک قوم پر بھی حملہ کرتا ہے تو کسی ایک طبقے کے خلاف نہیں بلکہ پورے معاشرے پر حملے کے مترادف ہوگا.

فیڈریکاموگیرینی نے کہا کہ میرے اور یورپی یونین کے تمام ممبر ممالک کی اولین ترجیح ہے کہ اس بات کو یقین بنایا جائے کہ اسلامو فوبیا ہمارے معاشروں میں کوئی جگہ نہ بنائے. انہوں نے نیوزی لینڈ کی مساجد میں پاکستانی شہریوں کے قتل پر اظہارِ افسوس کیا اور تعزیت کی. دونوں راہنماﺅں نے کرائسٹ چرچ حملے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے دانشمندانہ اقدام کی تعریف کی‘اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ یورپی یونین کے لیے بھی باعث تشویش ہے، کیونکہ ان ممالک میں بھی مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد قیام پزیر ہے.

یورپی یونین کی نمائندہ سے آج نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) اور انتہا پسندی سمیت دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی. انہوں نے دونوں فریقین کے درمیان ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بتایا کہ یورپی یونین سے نئے اسٹریٹجک تعلقات کا معاہدہ طے پاگیا ہے. شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین میں باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی. وزیرخارجہ نے کہا کہ یورپی یونین اور حکومتِ پاکستان کی پالیسیوں میں مماثلت ہے‘شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اسلامو فوبیا سے لڑنے کا ایک الگ طریقہ دکھا دیا اور دنیا کو بتایا کہ کس طرح معاشرے متحد ہوکر پروان چڑھتے ہیں.