بیرونِ ملک موجود پاکستانی کا اعزاز، وسطی ایشیا کی پہلی یونی کرون کمپنی بنا دی

مدثر شیخا کی بنائی گئی کمپنی نے یونی کرون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا، انکی کمپنی کو خریدنے کے لیے 3.1ارب ڈالر کی پیشکش کر دی گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 26 مارچ 2019 18:30

بیرونِ ملک موجود پاکستانی کا اعزاز، وسطی ایشیا کی پہلی یونی کرون کمپنی ..
کراچی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ2019ء) بیرون ملک موجود پاکستانی کی بنائی گئی کمپنی نے جنوبی ایشیا کی پہلی یونی کرون ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ مدثر شیخا کا تعلق کراچی سے ہے، انہوں نے سٹینڈفرڈ یونی ورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور وسطی ایشیا میں ایک ایسی کمپنی بنانے کا سوچا جس سے معاشرے کے ایک دبے ہوئے طبقے کو عزت کے ساتھ اچھا کمانے کا موقعہ ملے، اسی سوچ کو لے کر انہوں نے ’کریم‘کے نام سے ٹیکسی سروس کا آغاز کیا اور2012 میں 2 شہروں سے اپنی سروس کا آغاز کرنے والی یہ کمپنی آج افریقہ اور ایشیا کے 14ممالک کے100 سے زائد شہروں میں کام کر رہی ہے۔

اب ایک دوسری ٹیکسی سروس ’اوبر‘ نے انہیں یہ کمپنی خریدنے کے لیے 3.1ارب ڈالر کی پیشکش کی ہے جو انہوں نے قبول کر لی ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح ’کریم‘ وسطی ایشیا کی پہلی یونی کرون کمپنی بن گئی ہے، خیال رہے کہ یونی کرون کا خطاب ان کمپنیوں کو ملتا ہے جن کی قیمت کا تخمینہ 1ارب ڈالر سے زائد لگایا جائے لیکن شرط یہ ہے کہ وہ کوئی’ سٹارٹ اپ‘ ہو یعنی کہ یہ وہ کمپنی ہوتی ہے جو بالکل بغیر کسی سرمائے یا بہت کم سرمائے کے ساتھ بالکل نئے سرے سے شروع کی جائے اور اسکا تعلق آن لائن کام سے ہو۔

مدثر شیخا نے اس سے پہلے بھی ایک سٹارٹ اپ میں کام کیا جہاں انکے بنائے سٹارٹ اپ کا تخمینہ 60 ملین ڈالر لگایا گیا اور تب وہ اسے چھوڑ کر صرف اس لیے ’کریم‘ سروس بنانے کی طرف آئے کیونکہ وہ وسطی ایشیا کاپہلا یونی کرون سٹارٹ اپ بنانا چاہتے تھے اور وہ ایسا کام کرنا چاہتے تھے جس سے لوگوں کی مدد بھی ہو، انہوں نے اس کمپنی کو بناتے ہوئے اخلاقیات پر زور دیا اورٹیکسی کے ڈرائیورکو کیپٹن کا نام دیا اس کے علاوہ انہوں نے خواتین مسافروں اور کیپٹن کی حفاظت کے لیے بھی انتظامات کیے جس میں فون نمبر ماسکنگ بھی شامل ہے یعنی کہ مسافر اور کیپٹن ایک دوسرے کا نمبر جانے بغیر ایک دوسرے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ایسی ہی کئی سہولیات کے ساتھ اس سروس کے قیام کے بعد ان کے سٹارٹ اپ نے ترقی کی اور اب ’اوبر‘ نے انہیں 3.1ارب ڈالر کی پیشکش کی ہے جو انہوں نے قبول کر لی ہے لیکن ’کریم‘ سروس اسی نام سے چلے گی اور مدثر شیخا ہی اس کمپنی کو چلائیں گے اور اس کے بورڈ آف ڈائیریکٹر کے سربراہ ہوں گے۔ اس طرح ’کریم‘ نے وسطی ایشیا کی پہلی یونی کرون بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔