Live Updates

اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں آئی ٹی انڈسٹریل اینوویشن ریسرچ سنٹر کا قیام انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعتی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا،کامران بنگش

منگل 26 مارچ 2019 23:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس وٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں آئی ٹی انڈسٹریل اینوویشن ریسرچ سنٹر کا قیام انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعتی ترقی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد تحقیقی مرکز ہوگا جو آئی ٹی کے حوالے سے تحقیق اورترقی کا ایک اہم مرکز بنے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے منگل کے روز اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں آئی ٹی انڈسٹریل اینوویشن ریسرچ سنٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان تھے جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حبیب احمد، سابق گورنر علی محمد جان اورکزئی، رکن صوبائی اسمبلی ارباب وسیم حیا ت، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے اعلی حکام، مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، یونیورسٹی کے تدریسی عملے ، طلبہ ،سینئر ایلومنائی اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی کے معاون خصوصی کامران بنگش نے آئی ٹی شعبے کے فروغ کے حوالے سے مذکورہ انڈسٹریل اینوویشن ریسرچ سنٹر کو صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اس سے وابستہ صنعت کی ترقی کے لئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہاکہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی نے آئی ٹی سیکٹر کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے جس تحقیقی مرکز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے وہ مستقبل میں صوبے کی مجموعی ترقی کا ذریعے بنے گا۔

انہو ںنے کہاکہ اس اقدام پر یونیورسٹی انتظامیہ داد کی مستحق ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا کو آئی ٹی کا مرکز بنانے کی طرف گامزن ہے اور ہمارے اقدامات کی بدولت مستقبل قریب میں ہمارا صوبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اس پورے خطے میں زبردست نام کمائے گا۔ انہوںنے اس موقع پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی رہنمائی اور سرپرستی میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پر خاص توجہ دی جارہی ہے کیونکہ وہ بذات خود جدید دور کے تقاضوں کا ادراک رکھتے ہوئے صوبے میں آئی ٹی کا فروغ چاہتے ہیں اور اس ضمن میں نمایاں اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔

درایں اثناء وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مذکورہ ریسرچ سنٹر کاسنگ بنیاد رکھا اور منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔تقریب میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی انتظامیہ اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے مابین دو ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط بھی کئے گئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات