Live Updates

وزیر اعظم نے مشرف کے قریبی ساتھی اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دیدی

وزارت داخلہ کا قلمبندان ملنے کا امکان ،حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائیگا،ذرائع {اعجاز شاہ متنازع سیاسی شخصیت ، 2004 سے 2008 تک آئی بی ڈائریکٹر جنرل رہے،ان پر ق لیگ ،پی پی پیٹریاٹ بنانے اور نواز دور میں پی ٹی آئی کے دھرنوں کا ماسٹر مائنڈ جیسے الزامات لگتے رہے،رپورٹ

جمعہ 29 مارچ 2019 20:14

وزیر اعظم نے مشرف کے قریبی ساتھی اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے سابق صدر پرویز مشرف کے قریبی ساتھی سابق آئی بی ڈائریکٹر اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دیدی ہے ،ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کا قلمبندان ملنے کا امکان ،حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 188 ننکانہ صاحب سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنا دیا گیا ہے ، وزیراعظم عمران خان نے باقاعدہ طور پر اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دیدی ہے جبکہ وزارت سونپنے کے حوالے سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائیگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ سے خبریں گردش کررہی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قومی سلامتی کے مشیر (این ایس ای) کے عہدے کے لیے متنازع حیثیت کے حامل بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کے تقرر پر غور کیا جارہا ہے جس پر اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، بریگیڈیئر اعجاز شاہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے قابلِ اعتماد ساتھی تصور کیے جاتے تھے جو 2004 سے 2008 تک انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے۔

(جاری ہے)

مشرف نے انہیں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کے طور پر نامزد کیا تھا لیکن کینبرا نے انہیں قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے حکومت سے ان کی نامزدگی واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ پنجاب کی حیثیت سے بریگیڈیئر اعجاز شاہ پر مسلم لیگ قائداعظم اور پی پی پی پیٹریاٹ بنانے میں سہولت فراہم کرنے کا الزام لگتا رہا ہے جبکہ نواز دور حکومت میں دھرنوں کا ماسٹر مائنڈ بھی اعجاز شاہ کو ٹھہرایا جاتا رہا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات