یتیم بچوں کوسائیکلوں کا تحفہ پیش کرنے کی تقریب کا انعقاد

اتوار 7 اپریل 2019 17:40

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2019ء) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرانتظام ’’المصطفیٰ مائی ہوم‘‘ کے یتیم بچوں کوسائیکلوں کا تحفہ پیش کرنے کی تقریب کا انعقادکیاگیا۔تقریب کے مہمان خصوصی مسلم ہینڈزانٹرنیشنل کے چیئرمین صاحبزادہ سید لخت حسنین شاہ اور مسلم ہینڈز پاکستان کے ڈائریکٹرسید ضیاء النور شاہ تھے۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب کی صدارت المصطفیٰ کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے کی۔

تقریب میں المصطفیٰ کے ٹرسٹیز معین خان، احمدرضا طیب، عبدالغفار سعیدی بھی موجودتھے۔ اس کے علاوہ یحان طاہرقادری اورسید عدیل نے مسلم ہینڈزکی نمائندگی کی۔ مسلم ہینڈز برطانیہ کے چیئرمین صاحبزادہ سید لخت حسنین شاہ نے المصطفیٰ کی کارکردگی کو مثالی قراردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حاجی محمد حنیف طیب ہمارے لئے آئیڈیل شخصیت ہیں۔ ان کی خدمات سے دنیا میں انسانیت فیض یاب ہورہی ہے، المصطفیٰ کے ہسپتال اور اسکول بلاتخصیص رنگ ونسل سب کی خدمت کررہے ہیں۔

مسلم ہینڈز پاکستان کے ڈائریکٹرسیدضیاء النو رشاہ نے اتوار کی تقریب کو ایک یادگار تقریب قراردیا۔ انہوں نے المصطفیٰ کے چیئرمین ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب اور سید لخت حسنین کے ہمراہ مائی ہوم کے یتیم بچوں میں آسٹریلیا سے عالمی شہرت یافتہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر،کپتان وسیم اکرم کے ذریعے سے مسلم ہینڈزکو عطیہ ملنے والی سا ئیکلو ں کا تحفہ پیش کیا۔

اس موقع پرمائی ہوم کے یتیم بچوں نے بھر پور خوشی ومسرت کا اظہارکیا اور عطیہ دینے والوں کا شکریہ اداکیا۔ مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے سرپرست اعلیٰ المصطفیٰ ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے مسلم ہینڈزانٹرنیشنل کوالمصطفیٰ کی برادراین جی اوقراردیا۔ انہوںنے کہا کہ سید لخت حسنین دنیا بھر میں مصیبت زدہ لوگوں کی جو جانی، مالی اوراخلاقی مددکررہے ہیںوہ تمام سماجی اداروںکے لئے قابل تقلید ہے۔ انہوںنے مہمانوں کو المصطفیٰ کی کارکردگی پر بریفنگ دی، تعلیم،صحت سمیت، سماجی خدمت کے مختلف شعبوں میں المصطفیٰ کے کام کی تفصیل بتائی۔