بہاول نگر، ہفتہ غذائیت 8اپریل تا 13اپریل تک منایا جائے گا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈی ایچ اے

پیر 8 اپریل 2019 16:43

بہاول نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2019ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈی ایچ اے بہاولنگر ڈاکٹر وسیم احمد نے بتایا ہے کہ آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام محکمہ صحت حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق پنجاب بھر کی طرح ضلع بہاولنگر میں بھی ہفتہ غذائیت 8اپریل تا 13اپریل 2019تک منایا جا رہا ہے، اس ہفتہ کا بنیادی مقصد بچوں کا عمر کے لحاظ سے پست قامت ہونے کی روک تھام کے لیے آگاہی اور علاج کا فراہم کرنا اور حمل سے زچگی کے بعد ابتدائی 1000دن (2سال)تک غذائی ضروریات اور ان ایام کی اہمیت اجاگر کرنا ہے ۔

ہفتہ غذائیت کی تمام تر سرگرمیاںایس-ڈی خالد ڈپٹی کمشنر بہاولنگرکی ہدایت اور سربراہی میں قیام عمل میں لائی جائیں گی جس کے لیے ڈی سی بہاولنگر کی سربراہی میں محکمہ صحت کے اعلیٰ آفیسرڈاکٹر وسیم احمد چیف ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ،ڈاکٹر محمدوحید افسر باجوہ ڈی ایچ او،پی اینڈ ایس،ڈاکٹر خالد حسین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ضلع بہاولنگر اور تحصیل سطح پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی جانب سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں تاکہ اس ہفتہ غذائیت کے دوران تمام وسائل کو استعمال میں لا کر ماں ،حاملہ خواتین، بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں اور 5 سال سے کم عمر بچوں کی صحت کو بہتر بہتر بنایا جاسکے اور حاملہ خواتین نو عمر لڑکیوں اور پانچ سال سے کم عمر بچوں میں غذائی کمی کا خاتمہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس ہفتہ کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے متعین کردہ لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر حاملہ خواتین ،نو عمر لڑکیوں،دودھ پلانے والی مائوں اور 5سال سے کم عمر بچوں کی غذائی کمی کے حوالے سے جانچ پڑتال کریں گی اور غذائی کمی کے شکار بچوں اور حاملہ خواتین اور نوعمر لڑکیوں کو علاج کے لیے مرکز صحت ریفر کریں گی۔اور دو سال سے پانچ سال تک کے بچوں کو پیٹ کے کے کیڑ وں سے بچاؤ کے لئے گولیاں کھلائی جائینگی ۔

اس کے علاوہ دوران ہفتہ غذائیت ،حمل سے لے کر زچگی کے بعد دوسال تک غذائی ضروریات کے حوالے سے آگاہی اور پہلے 1000دن کی اہمیت ،حاملہ خواتین ،دودھ پلانے والی مائوں کے لیے صحت سے متعلقہ اگاہی کا قیام عمل میں لایا جایگا ، مزید براں 6ماہ سے 24ماہ کے بچوں میں وٹامن اور معدنیات سے بھرپور ساشے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا، دوسال سے 5سال کے بچوں کو پیٹ کے کیڑوں کے خاتمہ کے لیے مبینڈا زول گولی کی فراہمی،سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزر کی جانب سے خواتین اور بچوں کے لیے صحت سے متعلقہ تربیتی سیمینار ،سیشن کا قیام عمل میں لایا جائیگا اس کے علاوہ مرکز صحت پر ہفتہ غذائیت کے دوران غذائیت سے متعلق معلوماتی ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور عوام کو صحت اور غذائیت سے متعلقہ آگاہی فراہم کی جائے گی اور کمیونٹی سے ایل ایچ ڈبلیو کی جانب سے غذائی کمی کے شکار ریفر کیے جانیوالوں بچوں کو غذائی قلت کے خاتمہ کے لیے علاج فراہم کیا جائے گا۔