سابق صدر آصف زرداری کیخلاف جعلی اکاؤنٹس کیس میں دوخواتین شریک ملزمان نے وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کر دی

پیر 8 اپریل 2019 22:57

سابق صدر آصف زرداری کیخلاف جعلی اکاؤنٹس کیس میں دوخواتین شریک ملزمان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2019ء) سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف جعلی اکاؤنٹس کیس میں دوخواتین شریک ملزمان نے وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کر دی ہے۔ وکلا صفائی کے اعتراض کے بعد عدالت نے نیب سے جواب طلب کر لیا۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا اگر آپ آصف علی زرداری کو استثنٰی دیں گے تو اس طرح کی صورت حال پیدانہیں ہوگی ۔

پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی ۔اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت 14 ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران تمام ملزمان کی حاضری لگا کر دستخط کرائے گئے۔سابق صدر آصف علی زرداری کا نام پکارا گیا تو انہوں نے اپنی نشست پر بیٹھ کر دستخط کیے اور انگوٹھا لگایا۔

(جاری ہے)

عدالت نے روسٹرم پر بلا کر باقاعدہ حاضری لگوائی ۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کی جانب سے فاروق ایچ نائیک اور لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے وکالت نامے داخل کرائے۔ لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے عدالت آمد پر مشکلات بیان کیں ۔ فاضل جج ارشد ملک نے کہا کمرہ عدالت چھوٹا ہی کوئی میکانزم بنا لیتے ہیں۔ فاروق ایچ نائیک نے تجویز دی اگر آصف علی زرداری کو استثنٰی دیں گے تو یہ صورت حال نہیں ہو گی۔

دو شریک ملزمان خواتین کرن اور نورین نے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست کرتے ہوئے کہا چیئرمین نیب کو بھی درخواست دے رکھی ہے،اس پر دیگر ملزمان کے وکلا نے اعتراض کیا۔ عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا چیک کرنا ہو گا کہ کوئی درخواست نیب کے پاس ہے بھی یا نہیں۔ عدالت نے مزید سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی ۔عدالت نے آج پیش نہ ہونے والے ملزمان کو 12 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔