Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پرویز خٹک اور پرویز الٰہی کو قربانی کا بکرا بنانے کی تیاری میں ہے

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا ء اللہ نے دعویٰ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 13 اپریل 2019 11:21

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پرویز خٹک اور پرویز الٰہی کو قربانی کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ یہی بات کرتا ہے کہ میں نے پچاس لوگوں کو پکڑنا ہے۔ جب اداروں نے تحقیقات کیں تو انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے اپوزیشن کے سارے لوگ پکڑنے ہیں تو پھر اپنے بھی چار پانچ لوگوں کو گرفتار کروادیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے علیم خان کو گرفتار کروادیا۔ علیم خان کی گرفتاری اپوزیشن کے خلاف کارروائیوں کو بیلنس کرنے کے لیے کی گئی۔ اب سنا ہے کہ دو چار اور لوگوں کی گرفتاری مانگی گئی ہے ۔ ان میں پرویز الٰہی اور پرویز خٹک کے نام ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اب ان دو لوگوں کی قربانی دینے کی تیاری کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس طرح سے چار سال کنٹینر پر چڑھ کر ملکی معیشت اور سیاست کو تباہ کیا۔

چار سال تک عمران خان نے اس ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلائی۔ اسی طرح اب بھی عمران خان کو ان حرکتوں کے علاوہ کچھ نہیں سوجھ رہا پھر چاہے ملکی معیشت تباہ ہو اور ملک کا بیڑہ غرق ہو جائے عمران خان کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے کیسز میرٹ پر نہیں ہیں کیونکہ نیب خود مختار ادارہ نہیں ہے ، یہ صرف میں نہیں کہہ رہا اب تو سب لوگ یہ سمجھ رہے ہیں۔

سپریم کورٹ ، ہائیکورٹ کو بھی یہ بات سمجھ آ گئی ہے اور وہ لوگ اپنے فیصلوں میں یہ سب کچھ لکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور پاکستان تحریک انصاف کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے اور یہ الزامات صرف میں نہیں بلکہ پوری دنیا لگا رہی ہے ، کیونکہ جو بھی ہو رہا ہے وہ سب کو نظر آ رہا ہے۔واضح رہے کہ نیب نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو نیب کے خلاف مسلم لیگ ن نے یہ بیانیہ متعارف کروا دیا کہ نیب سیاسی انتقام کے تحت یہ سب کارروائیاں کر رہی ہے جس پر مسلم لیگ ن کے کارکنان نے احتجاج بھی کیا اور حمزہ شہباز کی گرفتاری کو ناممکن بنا دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات