Live Updates

وفاقی حکومت نے گریڈ5 تک بھرتی پالیسی تبدیل کردی

سابق دورحکومت میں بھرتیوں کا کوٹہ ارکان اسمبلی کو دیا جاتا تھا لیکن اب بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی،گریڈ ایک سے 5تک کی بھرتی کیلئے قرعہ اندازی کی جائے گی۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کی میڈیا بریفنگ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 16 اپریل 2019 16:50

وفاقی حکومت نے گریڈ5 تک بھرتی پالیسی تبدیل کردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل 2019ء) وفاقی حکومت نے گریڈ5تک بھرتی پالیسی تبدیل کردی ہے،وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ سابق دورحکومت میں بھرتیوں کا کوٹہ ارکان اسمبلی کو دیا جاتا تھا لیکن اب بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی،گریڈ ایک سے 5تک کی بھرتی کیلئے قرعہ اندازی کی جائے گی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہا کہ اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم پر بحث ہوئی ہے، لیکن فی الحال ایمنسٹی اسکیم کی منظوری نہیں دی جاسکی۔

اثاثہ جات ڈکلیریشن اسکیم پر کل اجلاس ہوگا۔ اثاثہ جات ڈکلیریشن اسکیم کو کل کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری خاندان نے کرپشن کی۔ آصف زرداری نے کرپشن کیلئے اپنے بینک کھول رکھے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار ، حسن اور حسین نوازعدالتوں کا سامنا ہے لیکن پیش نہیں ہورہے بلکہ ملک سے باہر ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ اگر 26ملین ڈالر جمع کرکے پاکستان لاتے ہیں توسوچیں شریف فیملی کا بیرون ملک کتناپیسا پڑا ہے۔

26ملین ڈالر ٹی ٹی کے ذریعے شہبازشریف کو منتقل ہوئے۔حمزہ شہبازکے 98فیصد اثاثے ٹی ٹی پر منحصر ہیں۔منی لانڈرنگ کے حالیہ کیسز پر کابینہ نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔منی لانڈرنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔شریف فیملی نے اقامے کیوں رکھے ہوئے تھے؟ اس کی مزید تفصیلات سامنے آئیں تو نیندیں اڑ جائیں گی۔اب اس پر ہماری حکومت کی تحقیقات سامنے آئیں گی۔

اس دھندے میں وزراء بھی شامل تھے۔احسن اقبال اور خواجہ آصف نے اقامے رکھے ہوئے تھے۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت نے پاکستان اسٹیل کو بحال کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ابھی تک پاکستان اسٹیل مل کیلئے 6کمپنیز نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہائیرنگ پالیسی میں تبدیلی کی ہے۔ سابق دور حکومت میں بھرتیوں کا کوٹہ ارکان اسمبلی کو دیا جاتا تھا لیکن اب ہم میرٹ پر بھرتیاں کریں گے۔

گریڈ ایک سے 5تک کی بھرتی کیلئے قرعہ اندازی کی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان کل ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کریں گے۔ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 35ہزار اپارٹمنٹس بنا رہے ہیں۔ ہماری حکومت 5سالوں میں 50ہزار گھر بنائے گی۔فواد چودھری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے بعد دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔دہشتگردی کے واقعات کو ختم کریں گے۔ دہشتگردی میں بیرونی قوتیں ملوث ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی، سب وزراء اپنا اپنا کام کررہے ہیں، تبدیلی کرنا ہوئی تووزیراعظم آفس کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات