Live Updates

اسحاق ڈار سوشل میڈیا پر لیکچر دینے کی بجائے مفروری ختم کرکے ملک میں واپس آئیں اور لوٹ مار کا حساب دیں ‘ جمشید چیمہ

وزیر اعظم عمران خان سٹیٹس کو کی حامل قوتوں اور مافیاز کیخلاف بر سر پیکار ہیں،انشا اللہ عوام کی طاقت سے انہیںشکست سے دوچار کرینگے

جمعہ 19 اپریل 2019 14:30

اسحاق ڈار سوشل میڈیا پر لیکچر دینے کی بجائے مفروری ختم کرکے ملک میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا وفاقی کابینہ میں ردو بدل پر بغلیں بجانا سمجھ سے بالا تر ہے، اسحاق ڈار سوشل میڈیا پر معیشت کے اثرات پر لیکچر دینے کی بجائے مفروری ختم کرکے ملک میں واپس آ کر اربوں کی لوٹ مار کا حساب دیں ،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت سٹیٹس کو کی حامل قوتوں اور مافیاز کے خلاف بر سر پیکار ہے اور انشا اللہ انہیں عوام کی طاقت سے شکست سے دوچار کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقد ہ ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا نمائندوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت گزشتہ کئی دہائیوں کے بیگاڑ کو سدھارنے کیلئے اصلاحات پر عمل پیرا ہیں اور دنیا کے کسی بھی خطے میں کہیں بھی یہ عمل آسان نہیں ہوتا ۔

(جاری ہے)

ہم نے کبھی بھی یہ نہیں کہا کہ ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہاد ی ہیں لیکن عوام کے وسائل لوٹنے اور ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے والے سب سے اہم عنصر کرپشن پر قابو پانے کیلئے بھرپور کاوشیں کی گئی ہیں اور آج لوگ کرپشن کرنے سے خوف کھاتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ آئین پاکستان وزیر اعظم کوا پنی کابینہ میں رد و بدل کا اختیار دیتا ہے اس پر اپوزیشن کا بغلیں بجانا سمجھ سے بالا تر ہے اورپوری قوم اپوزیشن کے شعور پر سوال اٹھا رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ والوں نے ملک کو جن مسائل کی دلدل میں دھکیلا ہے انشا اللہ اسے نہ صرف باہر نکالیں گے بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کرپشن کے دیرینہ پارٹنرز جو مرضی کر لیں اب عوام ان کے بہکاوے میں آئیں گے اور نہ ہی انہیں دوبارہ ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا موقع دیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات