تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور اعلیٰ تعلیمی درسگاہوں کے قیام کا سلسلہ جاری ہے، وزیر بلدیات سعید غنی

جمعہ 19 اپریل 2019 17:33

تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور اعلیٰ تعلیمی درسگاہوں کے قیام کا سلسلہ ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور اعلیٰ تعلیمی درسگاہوں کے قیام کا سلسلہ جوگذشتہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے شروع کیا تھا اس کا تسلسل آج بھی جاری ہے، کراچی میں قانون کی تعلیم کے لئے گذشتہ دور میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کلفٹن میں قائم کی اور اسی نام سے ایک دوسری یونیورسٹی کورنگی میں زیر تعمیر ہے اور اس کا کام تیزی سے جاری ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کورنگی میں زیر تعمیر شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کورنگی کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر اور چیف انجنئیرز نے صوبائی وزیر کو زیر تعمیر لاء یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے یونیورسٹی کے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر شعبوں کا جائزہ لیا اور وہاں جاری کام کا جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایات دیں کہ یونیورسٹی کو اس کے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اگر ہوسکے تو جو شعبہء جات مکمل ہوگئے ہیں ان کو مکمل طور پر فرنسڈ کرکے وہاں کلاسوں کاآغاز کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ 13.50 پر بننے والی اس یونیورسٹی میں مین عمارت کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے جبکہ دیگر شعبہء جات کا 50 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اس منصوبے کی مقررہ 2021 ء کی تاریخ سے قبل ہی اس یونیورسٹی کو مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس یونیورسٹی کی تعمیر شدہ مین عمارت کو اس سال کے آخر تک مکمل کرکے یہاں تدریس کا سلسلہ شروع کردیا جائے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لانڈھی، کورنگی اور اطراف کے علاقوں کے طلبہ و طالبات اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے دیگر جگہوں کی بجائے اپنے ہی علاقوں میں تعلیم حاصل کریں اور اس سلسلے میں جہاں لاء یونیورسٹی کا کورنگی میں قیام کیا جا رہا ہے اسی طرح لانڈھی 36-B میں میڈیکل یونیورسٹی کا قیام بھی زور و شور سے جاری ہے اور آئندہ مالی سال کے دوران ہم کراچی سمیت صوبے بھر کے مختلف اضلاع میں اسی طرح کی یونیورسٹیز اور کالجز بنائیں گے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد بانی کے ہمراہ معروف شاعر اور ادیب جمیل جالیبی کی رہائشگاہ پر ان کے بیٹے خاور جمیل جالبی سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ مرحوم جمیل جالبی چوٹی کے شاعر اور ادیب تھے اور ان کی اردو ادب کے لئے خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے۔