سندھ کی مختلف بار ایسوسی ایشنز نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کے حق میں قرار داد منظور کرلی

کچھ نادیدہ قوتیں عدلیہ کو دباؤ میں لانا چاہتی ہیں۔ پنجاب بار کٹھ پتلیوں کی بھی کٹھ پتلی کا کردار ادا کررہی ہے،قرارداد کا متن

پیر 22 اپریل 2019 16:33

سندھ کی مختلف بار ایسوسی ایشنز نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) سندھ کی مختلف بار ایسوسی ایشنز نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کے حق میں قرار داد منظور کرلی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب کے وکلا آمنے سامنے آگئے۔ سندھ بارکونسل، ہائیکورٹ بار، کراچی اور ملیر بار نے پنجاب بار کی قرار داد کی مذمت کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسی کے حق میں قرار داد منظور کردی۔

مشترکہ قرار داد کے متن کے مطابق اندازہ ہوتا ہے کہ کچھ نادیدہ قوتیں عدلیہ کو دباؤ میں لانا چاہتی ہیں۔ پنجاب بار کٹھ پتلیوں کی بھی کٹھ پتلی کا کردار ادا کررہی ہے۔ سندھ کی تمام وکلا برادری کراچی بار کے اصولی موقف کے ساتھ کھڑی ہے۔کراچی بار نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی انتہائی اچھی ساکھ کے مالک جج ہیں اور انہیں کوئٹہ کمیشن کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب بار کونسل نے فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف قرارداد منظور کی ہے۔ ان پر قانون کے اصولوں کو نظر انداز کرنے اور افواج پاکستان اور ریاستی اداروں کی تضحیک کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے فروری میں فیض آباد دھرنا کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں فوج اور آئی ایس آئی کو اپنی آئینی حدود میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔