Live Updates

پاکستان اور ایران اپنی موجودہ صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کے طریقے تلاش کریں

وزیراعظم عمران خان کا پاک ایران بزنس فورم میں پاکستان اور ایران کی کاروباری برادری سے خطاب

پیر 22 اپریل 2019 20:30

پاکستان اور ایران اپنی موجودہ صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ ..
تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ وقت ہے کہ پاکستان اور ایران اپنی موجودہ صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کے طریقے تلاش کریں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاک ایران بزنس فورم میں پاکستان اور ایران کی کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین جنوب مشرقی ایشیاء اور آسیان اقوام سمیت جو ممالک اقتصادی شعبہ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ان کا اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی تجارت کا تناسب بہت زیادہ ہے تاہم بدقسمتی سے پاکستان، ایران، بھارت اور افغانستان کا ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت کا تناسب بہت کم رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایران جس کی آبادی آٹھ کروڑ اور پاکستان جس کی 21 کروڑ ہے، کو بہت بڑی معیشت ہونا چاہئے تھا لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر دونوں ممالک تجارتی صلاحیت سے استفادہ کرنے سے قاصر رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بات سے قطع نظر کہ ایران کو پابندیوں کا سامنا اور پاکستان بھی مشکل دور سے گذر رہا ہے، دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کا آغاز کرنا چاہئے۔

انہوں نے کاروباری برادری کو بتایا کہ صرف 10 فیصد چاول پاکستان سے براہ راست برآمد کیا جاتا ہے اور بقیہ بالواسطہ طور پر برآمد ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کو دوطرفہ تجارت میں اضافہ کے طریقے تلاش کرنے پر سوچ بچار شروع کرنی چاہئے۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز مشہد میں حضرت امام رضا کے مزار پر حاضری کا ذکر کرتے ہوئے اس ضمن میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے اپنی اقتصادی ٹیم کے ہمراہ حاضرین کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات