کمشنر قلات ڈویژن حافظ محمد طاہر نے سول ڈسپینسری حب میں پولیو کے قطرے پلا کر قلات ڈویژن میں پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا

پیر 22 اپریل 2019 23:43

حب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) کمشنر قلات ڈویژن حافظ محمد طاہر نے پیر کے روز دو سال سے کم عمر بچوں کو ای پی اے سینٹر ( سول ڈسپینسری ) حب میں پولیو کے قطرے پلا کر قلات ڈویژن میں پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل اور اسسٹنٹ کمشنر حب مہر اللہ بادینی ، ڈی ایچ او لسبیلہ ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو ہیلتھ آفیسر لسبیلہ ڈاکٹر احمد علی بلوچ ، ڈاکٹر بسنت کمار مگسی ، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گڈانی لیڈی ڈاکٹر محترمہ عارفہ جعفر، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نذیر احمد رونجھو اور دیگر شخصیات نے بھی دو سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر قلات ڈویژن میں پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر ہندوئوں کے مقدس مقام ہنگلاج ماتا کا مندر چونکہ لسبیلہ میں واقع ہے اور ہندوئوں کے اس بین الاقوامی میلے میںپاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں ہندو خواتین اور بچوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے لہٰذا پولیو سے بچائو کیلئی16اہلکاروں پر مشتمل ٹیم بھی ہنگلاج ماتا کے مندر میں میلے کے موقع پر دو سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے میں مصروف عمل ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح ضلع بھرکے بس اسٹاپس ، بس اڈوں اور بس پوائنٹس پر بھی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے سینکڑوں اہلکاروں پر مشتمل پولیوسے بچائوکے قطرے پلانے والی موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل نے مزید بتایا کہ پولیومہم لسبیلہ میں کامیابی سے جاری ہے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حب مہر اللہ بادینی اور حب کے صحافیوں مشتاق علی کمبوہ ، عزیز لاسی ، جبار بلوچ ،محمد اسماعیل ساسولی اور دیگر صحافی حضرات بھی موجود تھے ۔