دُبئی: برطانوی خاتون کو ملازمہ کے ساتھ نیکی مہنگی پڑ گئی

غیر مُلکی ملازمہ اپنی مالکن کے گھر سے قیمتی زیورات لے اُڑی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 اپریل 2019 10:57

دُبئی: برطانوی خاتون کو ملازمہ کے ساتھ نیکی مہنگی پڑ گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 اپریل 2019ء) آج کل جسے دیکھو یہی گِلہ کرتا پھرتا ہے کہ جی دُنیا سے ہمدردی اور رحم کے جذبات ختم ہو گئے ہیں، دُنیا احساس اور مروت سے خالی ہو گئی ہے۔ لوگ صرف اپنی ذات کی حد تک ہی حساس ہیں، کسی دُوسرے کا خیال نہیں رکھتے۔ مگر کئی ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جو کسی کے ساتھ نیکی کر بیٹھتے ہیں تو یہ نیکی اُلٹا اُن کے گلے پڑ جاتی ہے۔

کچھ ایسا ہی معاملہ دُبئی میں مقیم ایک غیر مُلکی خاتون کے ساتھ ہوا۔ جو روزگار کے سلسلے میں کافی عرصے سے امارات میں مقیم تھی۔ 44سالہ برطانوی خاتون نے ایک ایشیائی مُلک سے تعلق رکھنے والی خاتون کو اپنے ہاں نوکری دی۔ چند روز بعد اس ملازمہ نے درخواست کی کہ اُسے اپنی الگ رہائش لینے کی صورت میں اچھا خاصا مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

کیا ایسا نہیں ہو سکتا کہ مالکن اُسے اپنے پاس ہی رہائش دے دے۔ رحم دل خاتون نے اپنی ملازمہ کو اپنا ہی گھر کا ایک کمرہ رہائش کے لیے فراہم کر دیا۔ اس مہربانی پر 32 سالہ ملازمہ کو تو اپنی مالکن کا بے حد احسان مند ہونا چاہیے تھااور اس کی ضرورت سے زیادہ بڑھ چڑھ کر خدمت کرنی چاہیے تھی۔ مگر اس احسان فراموش نے اپنی مالکن کو نیکی کا بدلہ دھوکے بازی کی صورت میں دِیا۔

ایک روز ملازمہ نے موقع پر مالکن کے تمام طلائی زریورات لُوٹ لیے اور فرار ہو گئی۔ تاہم مالکن کی جانب سے پولیس کو سارے واقعے کی رپورٹ کر دی گئی۔ جس نے ملازمہ کو مملکت سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملازمہ کے قبضے سے تمام زیورات اپنی تحویل میں لے لئے۔ عدالت کی جانب سے غیر مُلکی ملازمہ کو تین ماہ قید اور مملکت سے ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنائی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :