فرانس کا پارلیمانی وفد 24 اپریل کو پاکستان کے چار روزہ دور ے پر پہنچ رہا ہے، وفد کو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے دورے کی دعوت دی ہے

منگل 23 اپریل 2019 18:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) فرانس پاکستان بین الپارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ اور فرانس کی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے صدر پاسکل علیزرڈ کی سربراہی میں فرانس کا پارلیمانی وفد 24 تا 27 اپریل 2019ء کو پاکستان کے چار روزہ دور ے پر پہنچ رہا ہے۔ وفد کو اس دورے کی دعوت چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے دی تھی۔

دورے کا مقصد پارلیمانی رابطہ کاری کو بڑھانا اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔ تین رکنی وفد اپنے دورے کے دوران اسلام آباد ، کراچی اور گوادر کا دورہ بھی کرے گا۔ فرانس کے وفد کے سربراہ نے گوادر میں ہونے والی ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی کمیٹی کے گوادر میں منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کی تھی اور اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ فرانس پاکستان کے ساتھ اپنے پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

وفد چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، پاکستان فرانس دوستی گروپ کے سربراہ سینیٹر فیصل جاوید، سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون سیف، گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے علاوہ نجی شعبے کے سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے سے اہم ملاقاتیں کرے گا۔