کراچی میں ننھی نشوا کو موت کے منہ میں دھکیلنے والے دارالصحت ہسپتال کو رعایت مل گئی

ہسپتال کے دو ملازمین کو گرفتار کرنے اور 5 لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی گئی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 23 اپریل 2019 19:49

کراچی میں ننھی نشوا کو موت کے منہ میں دھکیلنے والے دارالصحت ہسپتال ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اپریل2019ء) کراچی میں غلط انجیکشن سے جاں بحق نشوا کے معاملے میں سندھ ہیلتھ کئیرکمیشن نے دارالصحت ہسپتال کو رعایت دے دی ہے۔ ہیلتھ کئیرکمیشن نے دارالصحت ہسپتال کے 2ملازمین کو گرفتار کرنے اور صرف5لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ کمشین نے ہسپتال کو غیر تربیت یافتہ عملہ نکالنے کا بھی حکم دیا ہے تاہن وفات پانے والی بچی کے والدین کی جانب سے اس سزا کو بہت کم قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ دارالصحت اسپتال میں غلط انجیکشن سے متاثرہ بچی نشوا انتقال کر گئی تھی۔ نشوا کئی روز تک دارلصحت اسپتال میں زیرعلاج رہی جس کے بعد بچی کو لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔غلط انجکشن لگنے سے نشوا کا 71 فیصد دماغ مفلوج ہوا تھا اور دماغ میں آکسیجن نہ پہنچنے کے باعث بچی کے ہاتھ پاں بھی ٹیڑھے ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

نشوا کے والد قیصر کا کہنا تھا کہ بیٹی( نشوا) کو ڈائریا کی شکایت پر اسپتال لایا جہاں 24گھنٹے کے وقفے سے لگنے والا انجکیشن 20سیکنڈ کے وقفے سے ڈرپ میں ڈالا گیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو لکھے گئے خط میں بتایا تھا کہ واقعہ اسپتال انتظامیہ کی غفلت کے سبب پیش آیا۔ دارالصحت اسپتال کے مالک عامرچشتی نے تسلیم کیا تھا کہ بچی کو دوا کی زائد مقداردی گئی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ نرسنگ اسٹاف کو معطل کردیا گیا ہے۔اسپتال انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کرانے میں بھی بچی کے والدین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑاتھا۔

ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی نے بچی کے والد کو ڈریا تھا کہ نقصان سوائے آپ کیکسی کا نہیں ہو گا، ہمارے مفاد اپنی جگہ، جو تکلیف آپ کو ہو گئی، وہ کسی اورکو نہیں، فیصلہ آپ کا، مقدمہ درج کروائیں، لیکن پھر آپ خود سے سوال کریں، نقصان آپ کا ہو گا۔ واقعے کی ویڈیو میڈیا میں آنے کے بعد ایس پی طاہر نورانی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔پولیس نے ابتدا میں تین افراد کو گرفتار کیا تھا بعد ازاں اصل ملزم سامنے آنے پر دیگر افراد کو چھوڑدیا گیا ہے۔ اب ہیلتھ کئیرکمیشن نے دارالصحت ہسپتال کے 2ملازمین کو گرفتار کرنے اور صرف5لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔